6 ستمبر کو 150 ملی میٹر بارش درج کی گئی
حیدرآباد۔7ستمبر ( سیاست نیوز) عالمی موسمی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارہ ایلڈو راڈو کے مطابق ریاست آندھراپردیش کے علاقہ کاکناڈا کو عالمی سطح پر ان 10 علاقوں میں 9واں مقام حاصل ہوا ہے جہاں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاست آندھراپردیش کے کاکناڈا میں دوشنبہ کو 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جس کے سبب اس علاقہ کو دنیا کے 10 علاقوں میں 9واں مقام حاصل ہوا جہاں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسکائی میٹ کے مطابق ساحلی آندھرا پردیش کے علاقہ کاکناڈا میں دوشنبہ کو 6گھنٹوں کے دوران 131 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ میں کہا گیا تھا کہ جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہونے کے سبب ساحلی آندھراپردیش کے علاوہ رائیلسیما کے ساتھ تمل ناڈو ‘ کیرالہ اور کرناٹک میں شدید بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق ان 4 ریاستوں میں شدید موسلادھار بارش کا سلسلہ 9ستمبر تک جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ ‘ مہاراشٹرا ‘ مدھیہ پردیش کے علاوہ کونکن میں بھی جنوب مغربی مانسون کا اثر دیکھا جائے گا اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ شدید موسلادھار بارش کی صورت میں مقامی سطح پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پانی کا بہاؤ تیز ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاستی حکومتوں کے ذمہ داروں کو نشیبی علاقوں میں چوکسی اختیار کرنے کے علاوہ شہری علاقوں میں انڈر پاس کو عارضی طور پر بند کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔M