عالمی سطح پر سخت نگہداشت والے شہروں میں حیدرآباد کو 16 واں مقام

   

ایک کروڑ کی آبادی کے لیے تین لاکھ کیمرے ، سروے رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔حیدرآباد عالمی سطح پر موجود 20 سخت نگہداشت والے شہروں میں شامل ہے جو کہ عالمی شہروں میں 16ویں نمبر پر ہے۔دنیا بھر میں موجود سب سے زیادہ کیمروں کے ذریعہ نگرانی رکھے جانے والے شہروں کی فہرست میں پہلے 20 شہروں میں صرف ایک ہندوستانی شہر جو کہ حیدرآباد ہے جہاں 1کروڑ شہری آبادی کی نگرانی کیلئے 3لاکھ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پہلے 20 شہروں کی فہرست میں 18 چینی شہر شامل ہیں۔ شہر حیدرآباد میں شہریوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ پولیس کی جانب سے 3لاکھ کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ان کیمروں کے ذریعہ حیدرآباد کی ایک کروڑ کی آبادی کی نگرانی کی جاتی ہے اسی لئے حیدرآباد کو دنیا بھر میں 16واں مقام حاصل ہے جہاں آبادی کے اعتبار سے کیمروں کا تناسب دیکھتے ہوئے یہ مقام دیا گیا ہے۔پہلے 20 شہریوں کی فہرست میں چین کے 18 شہروں کے علاوہ لندن اور حیدرآباد شامل ہیں جہاں کیمروں کے ذریعہ شہریوں کی نگرانی کو یقینی بنایاجا رہاہے ۔لندن کو دنیا بھر میں تیسرا مقام حاصل ہے جہاں آبادی کے تناسب کے اعتبار سے کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دنیا بھر کے 150 شہروں میں جہاں سی سی ٹی وی کے ذریعہ شہریوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جاتی ہے ان کا جائزہ لینے کے بعد یہ فہرست تیار کی گئی ہے جس کے اعتبار سے حیدرآباد واحد ہندستانی شہر ہے جو کہ پہلے 20 شہروں میں شامل ہے۔اس فہرست میں 21ویں مقام پر چینائی ہے جبکہ دہلی کو 33 واں مقام حاصل ہوا ہے۔شہر حیدرآباد میں شہریوں کی نگرانی کے لئے نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت ‘ محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نصب کئے گئے جملہ کیمروں کی تعداد 3لاکھ تک پہنچ چکی ہے ۔ سروے رپورٹ میں ان شہروں کو سخت نگرانی والے شہر قرار دیا جار ہا ہے لیکن رپورٹ نے ان شہروں میں کسی بھی شہر کو محفوظ ترین شہر قرار نہیں دیا ہے بلکہ صرف یہ کہنے پر اکتفاء کیا گیا ہے کہ ان شہروں میں سب سے زیادہ کیمروں کے ذریعہ شہریوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔