پیرس ۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں اب تک چار لاکھ 581 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دسمبر 2019ء سے جاری اس وبا کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 70 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی وبا سے دنیا کے 196 ممالک اور خطوں میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 69 لاکھ 49 ہزار 890 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 30 لاکھ 30 ہزار 800 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے حقیقی متاثرین کی تعداد کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کیونکہ بہت سے ممالک صرف موت کے خطرے سے دوچار ہونے والے مریضوں ہی کی تصدیق کرتے ہیں۔ہفتے اور اتوار کے ایام میں دنیا بھرمیں کورونا کے 3327 مریض ہلاک اور 119524 نئے مریض سامنے آئے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برازیل میں 904، امریکہ میں 540 اور میکسیکو میں 341 کورونا مریض ہلاک ہوئے۔کورونا متاثرین کے حوالے سے سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا کے ایک لاکھ 10 ہزار 37 مریض ہلاک ہوئے اور 19 لاکھ28 ہزار 94 متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے پانچ لاکھ 849 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔امریکہ کے بعد کورونا سے ہلاکتوں میں برطانیہ دوسرے نمبر پرہے۔ برطانیہ میں 40 ہزار 542 مریض ہلاک اور 2 لاکھ 86 ہزار 194 بیمار ہوئے ہیں۔ برازیل میں 35930 افراد کورونا سے ہلاک اور 672846 متاثر ہوئے ہیں۔ اٹلی میں 33899 مریض ہلاک اور 234998 مریض متاثر ہوئے جبکہ فرانس میں 29155 ہلاک اور 190974 متاثر ہوئے ہیں۔