عالمی سطح پر یکساں ترقی ہونی چاہیے، پاکستان کا موقف

   

نیویارک : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہاہے کہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام عالمی سطح پر یکساں ترقی کے لئے حکمت عملی وضع ہونی چاہیے، ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے مسائل سے نجات اور مالی معاونت حاصل ہونی چاہیے، پائیدار ترقیاتی اہداف کے اجلاس میں دی جانے والی یقین دہانیوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فینانسنگ فار ڈیولپمنٹ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے اس اہم موضوع پر مکالمے کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیں ایس ڈی جیز سربراہ اجلاس میں کئے جانیوالے وعدوں پر لازمی عملدرآمد کرناچاہیے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ نجی شعبہ کوشامل کرکے ایس ڈی جیز اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ بدقسمتی سے نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کابڑا حصہ دنیاکی ترقی یافتہ معیشتوں کی جانب ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک میں یہ سرمایہ کاری نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کو ترقی پذیر ممالک میں نجی شعبہ کی جانب سے سرمایہ کاری نہ ہونے کے اسباب کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔اقوام متحدہ کی چھتری تلے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تناسب کا ادارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب ملکوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے عالمی تعاون ضروری ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے ترقی پذیر ملکوں کو مالی معاونت حاصل ہونی چاہیے۔ ترقی پذیر ملکوں کو قرضوں کے مسائل سے نجات اور مالی معاونت حاصل ہونی چاہیے۔پائیدار ترقی کے اہداف کے اجلاس میں دی جا نے والی یقین دہانیوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔