عالمی سفر و سیاحت پیاکیج میں 14 دنوں کا قرنطینہ بھی شامل

,

   

بیرون ممالک کے تفریحی پیاکیجس قصہ پارینہ ، بین الاقوامی پروازوں کے ساتھ نئی شرائط پر عمل
حیدرآباد۔14مئی (سیاست نیوز) عالمی سفر و سیاحت کے پیاکیج میں جہاں تفریحی مقامات‘ غذاء کے علاوہ سفر کے دوران فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سیاحتی کمپنیوںکی جانب سے سیاحوں کو راغب کیا جاتا تھا اب ان سیاحتی کمپنیوں کی جانب سے اپنے عالمی سفری پیاکیج میں 14 یوم کے قرنطینہ کو بھی شامل کرلیا جائے گا۔ دنیا بھر میں جہاں عالمی سفری تحدیدات اور فضائی سفرپر پابندی ہے اور لاک ڈاؤن کے سبب شہریوں کو ایک ملک سے دوسرے ملک روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہے بلکہ جو جس ملک کا شہری ہے اس ملک کو واپس ہونے میں بھی اس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ نئے طرز معاشرت میں اب کوئی بھی سفر یا سیاحت شہریوں کیلئے 14 دن بعد شروع ہوگی کیونکہ کسی بھی ملک تفریح کی غرض سے بھی پہنچنے پر سیاحوں کو 14یوم کے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور قرنطینہ کی یہ مدت سفری پیاکیج کا حصہ ہوں گی۔ ہندستانی شہریوں کے لئے 3ہفتہ 2ہفتہ اور ایک ہفتہ پر مشتمل خلیجی ممالک‘ مغربی ممالک امریکہ‘ کینیڈا‘ یوروپ ‘ کے علاوہ ترکی ‘ ملیشیاء ‘ انڈونیشیاء اور دیگر ممالک کے تفریحی پیاکیج ہوا کرتے تھے لیکن اب یہ پیاکیج قصہ پارینہ ہوجائیں گے کیونکہ اب ان پیاکیج میں 14دن کا لازمی قرنطینہ شامل کیاجائے گا اور کسی بھی ملک کو پہنچتے ہی پہلے 14یوم قرنطینہ میں گذارنے کے بعد ہی تفریحی یا تجارتی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت حاصل رہے گی اور جب کبھی بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا اس کے بعد 14یوم کے قرنطینہ کے لزوم سے عوام بالخصوص سیاحوں اور تاجرین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ وہ محدود وقت کے لئے سفر اختیار کرتے تھے لیکن اب جو صورتحال ہے اس میں سفر کے دوران قرنطینہ کیلئے مختص کرنے ہوں گے اور ن 14یوم کے دوران وہ کسی سے ملاقات نہیں کرسکیں گے بلکہ انہیں نئے طرز معاشرت کے تحت تنہاء ہوٹل کے کمرہ میں زندگی گذارنی ہوگی اور 14 دن قرنطینہ میں گذرنے کے بعد ہی وہ اپنی معمول کی مصروفیات کا آغاز کرسکیں گے۔