عالمی شہرت یافتہ ڈبلیو ڈبلیو ای سوپر اسٹارس کے حیدرآباد میں مقابلے

   

گچی باؤلی انڈور اسٹیڈیم میں 8 ستمبر کو انعقاد۔ وزیر اسپورٹس نے پوسٹر جاری کیا
حیدرآباد 13 اگسٹ ( سیاست نیوز ) اب عالمی شہرت یافتہ WWE سوپر اسٹارس کو حیدرآباد میں مقابلہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ حیدرآباد کے گچی باؤلی میں واقع جی ایم سی بالایوگی انڈور اسٹیڈیم میں 8 ستمبر کو ڈبلیو ڈبلیو ای سوپرا سٹارس کے مقابلے ہونے والے ہیں۔ ہندوستان میں سات سال کے وقفہ کے بعد یہ مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی وزیر اسپورٹس و یوتھ سروسیس ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ اور اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے صدر نشین ڈاکٹر انجنیا گوڑ نے آج ان مقابلوں کے پوسٹرس کی اجرائی عمل میں لائی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دنیا بھر میں معروف 28 ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلرس ان مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ ہندوستان میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ اس طرح کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والے ریسلرس میں سیٹھ رولنس ‘ ورلڈ وومنس چمپئن رہیہ ریپلے ‘ ڈبلیو ڈبلیو ای ٹیگ ٹیم چمپئنس سمیع زین اور کیون اوونس شامل ہیں۔ اس کیع لاوہ جندر محل ‘ ڈریو مک انٹائر ‘ بیکی لنچ ‘ نٹالیہ ‘ میٹ رڈل اور دوسرے اسٹارس بھی شرکت کریں گے ۔ ڈبلیو ڈبلیو ای سوپر اسٹار اسپیٹاکل مقابلوں کے ٹکٹس کی آن لائین بکنگ بھی شروع ہوچکی ہے ۔