ٹرمپ ۔ مودی اور ٹرمپ ۔ جن پنگ ملاقات اہمیت کی حامل
چین اور ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے کشیدہ تجارتی تعلقات ایجنڈہ کا اہم موضوع
بیجنگ ؍ واشنگٹن ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی جن پنگ جمعرات کے روز جاپان کے شہر اوساکا پہنچ گئے جہاں وہ G-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران عالمی قائدین سے دورخی بات چیت کریں گے جن میں وزیراعظم ہند نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ قابل ذکر ہیں۔ دوسری قابل ذکر بات یہ ہیکہ اس وقت چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں جبکہ سیاسی تجزیہ نگاروں کا یہ کہنا ہیکہ G-20 چوٹی کانفرنس کے دوران یہی تجارتی تعلقات کی کشیدگی کا موضوع دیگر موضوعات پر چھایا رہے گا۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ جن پنگ بریکس (برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ) کی انفارمل سمیٹ میں وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ 28 اور 29 جون کو منعقد شدنی G-20 چوٹی کانفرنس سے قبل موصوف آر آئی سی (روس، ہندوستان، چین) سے بھی بات چیت کریں گے۔ صدر چین کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جاپان آیا ہے جن میں نائب وزیراعظم لیوہی کا نام قابل ذکر ہے جو امریکہ کے ساتھ چین کے تجارتی تعلقات کے موضوع پر اہم مذاکرات کار ہیں۔ لیوہی کے علاوہ اسٹیٹ کونسلر یانگ جیچی اور وزیرخارجہ وانگ لی بھی صدر چین کے ہمراہ ہیں۔ سب سے اہم بات یہ بھی ہیکہ جن پنگ اور صدر امریکہ ٹرمپ بھی G-20 چوٹی کانفرنس کے پس منظر میں ملاقات کریں گے۔ دوسری طرف چہارشنبہ کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی اوساکا کیلئے روانہ ہوئے جہاں وہ دنیا کے 20 اہم ترین ممالک کے قائدین کے ساتھ دورخی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ اس موقع پر وائیٹ ہاؤس کے جنوبی سبزہ زار پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ جاپان کیلئے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ متعدد ممالک کے سربراہان سے ملاقات کریں گے جو ہمیشہ امریکہ سے ناجائز فائدہ اٹھاتے آئے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ایسا بالکل نہیں ہوگا۔ انہوں نے میرین ون پر سوار ہونے سے قبل یہ بات کہی۔ میرین ون انہیں اینڈریوز جوائنٹ ایرفورس لے گئی جہاں سے صدر موصوف جاپان جانے کیلئے صدر کیلئے مخصوص ایرفورس ون پر سوار ہوئے۔ ٹرمپ اپنے چینی اور روسی ہم منصب بالترتیب جن پنگ اور ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس وقت امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات خوشگوار نہیں کہے جاسکتے اور اسی پس منظر میں ٹرمپ اور نریندر مودی کی ملاقات کو اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ یاد رہیکہ اندرون ایک ماہ ٹرمپ کا یہ دوسرا دورہ جاپان ہے۔ قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی، وزیرخارجہ ہند ایس جئے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے ملاقات کی تھی۔