عالمی قرآنی و روحانی مہم کا 12 رمضان سے ملک بھر میں آغاز

   

مصر کے قرائے کرام شیخ مصطفی، شیخ سمیع کی شرکت، مولانا پیر نقشبندی کا اعلان
حیدرآباد۔/2 اپریل، ( راست ) عالمی قرآنی روحانی مہم کے بانی و محرک مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے آج یہاں اس بات کا اعلان کیا کہ حکومت مصر نے ان کی دعوت پر عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ الازہر شریف قاہرہ مصر کے دو ممتاز و جید قرائے کرام الشیخ سمیع احمد عبدالرحمن الزینی اور الشیخ محمد مصطفی السعید عابد یلی کو ہندوستان میں منعقد ہونے والی عالمی قرآنی و روحانی مہم میں شرکت کیلئے منتخب کیا ہے۔ مولانا نقشبندی نے بتایا کہ قرائے کرام 3 اپریل کی شام قاہرہ سے حیدرآباد پہونچیں گے جبکہ چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ نے مولانا پیر نقشبندی کی نمائندگی پر قرائے کرام کو حکومت تلنگانہ کا سرکاری مہمان بنایا ہے۔ چنانچہ پروٹوکول آفیسر اور قرآنی مہم کے چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید مرتضیٰ نقشبندی افتخاری اور دیگر ان مہمان قرائے کرم کا خیرمقدم کریں گے۔ قرائے کرام اپنے قیام ہند کے دوران نئی دہلی میں توقع ہے کہ صدر جمہوریہ سے راشٹر پتی بھون اور قومی سلامتی کے سربراہ جناب اجیت دوول کے علاوہ جمہوریہ مصر کے سفیر ہز ایکسلینسی وائل حامد اور سعودی عرب کے سفیر ہز ایکسلینسی ماجد الحسیی سے خیرسگالی ملاقاتیں کریں گے اور انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر لودھی روڈ نئی دہلی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے سالانہ جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کریں گے، جبکہ جناب سراج قریشی صدر نشین اسلامک کلچرل سنٹر خیرمقدم کریں گے۔ مہمان قراء ڈاکٹر سید فاروق کی جانب سے منعقد ہونے والے قرآنی اجتماع عام میں شرکت کریں گے۔