وزیر داخلہ محمد محمود علی افتتاح کرینگے ۔ سالار جنگ میوزیم میں انعقاد
حیدرآباد۔21جون (سیاست نیوز) پہلی عالمی قران کانفرنس اور سہ روزہ قرآن نمائش کا حیدرآباد کے تاریخی سالار جنگ میوزیم کے ایسٹرن بلاک اڈیٹوریم حال میں 22جون سے آغاز ہورہا ہے ‘ ریاستی وزیرداخلہ جناب محمد محمودعلی کے ہاتھوں نمائش کاافتتاح عمل میںائے گا‘ صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہنے والے قرآنی نمائش کا اختتام24جون شام بجے عمل میںائے گا۔مذکورہ قرآن کریم نمائش میں 100سے زائد ایرانی خطاطی اور فنکاری کے شاہکار قرآنی نسخے رکھے گئے ہیں جو دنیا کے مختلف ممالک کے کتب خانوں اور میوزیمس سے حاصل کئے گئے ہیں۔ ان میں حضرت سیدنا مولاعلیؑ کرم اللہ وجہ اور حضرت سیدنا امام حسن مجتبیٰ ؑ کے دست مبارک سے خط کوفی میں لکھے گئے قرآن مجید کے نسخوں کے نقول بھی شامل ہیں۔ یہ بات آج میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جناب حق بین قمی حیدرآباد میں متعینہ قونصل جنرل ایران نے بتائی۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالہادی فقہی زادہ‘ پروفیسر تہران یونیورسٹی اورڈاکٹر ناگیندر ریڈی، ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم‘ حیدرآباد موجود تھے۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ اس تاریخ ساز قرآن کریم بین الاقوامی نمائش میں معاونت قرآن و عترت وزارت ثقافت و ارشاد اسلامی اسلامی جمہوری ایران‘ تہران، جامعہ نظامیہ حیدرآباد،اسلامی تحقیقاتی مرکز آستان قدس رضوی مشہد مقدس‘ ایران، سالار جنگ میوزیم حیدرآباد، رضا نیشنل لائبریری رامپور، جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبہ ہند، نیشنل مشن فورمینسکرپٹ‘ نئی دہلی، ر وزنامہ سیاست حیدرآباد، ولایت فائونڈیشن نئی دہلی، باب العلم لائبریری حیدرآباد، نظام میوزیم حیدرآباد جیسے ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ 22؍جون کو ہند و ایران کے مفسرین قرآن کریم کے زیر عنوان ایک بین الاقوامی سمینار منعقد ہورہا ہے جس کا افتتاح تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کریںگے۔ اور اس میں ہند و ایران کے جید علمائے کرام اور دانشوران اپنے مقالے پیش کریںگے۔ہندوستان میں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے نمائندہ حجۃ الاسلام آغا مہدی‘ مہدوی پور کے بھی خطابات ہوں گے۔ جناب فقیہ زادہ نے کہا کہ اس نمائش میں فن خطاطی کے مختلف ادوار اور ایرانی خطاطوں اور خادمین قرآن کری م کی خدمات سے دنیا کو واقفیت ہوگی۔ قرآن کریم کی تعلیمات کی ترویج و اشاعت کے لئے ایران دنیا میں منفرد ملک ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کو اب دنیا میں قرآن مجید کے تراجم اور تفاسیر کا مرکز تسلیم کیا جاسکتا ہے۔ 1979ء سے 2019ء تک قرآن مجید کے دنیا کی 132 زبانوں میں تراجم کئے گئے ہیں اور 30کروڑ سے زائد قرآن کریم کے نسخے طبع کرواکر تقسیم کئے گئے ہیں۔ ایران میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب مختلف زبانوں میں تراجم کے ساتھ تفاسیر قرآن کی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے 2018ء میں 10462 مختلف کتابیں شائع کی ہیں‘ جن میں سے 1188 کتابیں قرآنی علوم سے معلق ہیں۔ ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد گذشتہ 40برس کے دوران قرآن مجید کے 588 تفاسیر اور تراجم دنیا کی 311 مختلف زبانوں میں شائع کئے گئے ہیں۔ 2018ء میں ایران میں 16467 سائنٹیفک اور علمی جرائد کی اشاعت عمل میں لائی گئی جن میں سے 275 جرائد و مجلوں کا تعلق قرآن مجید سے متعلق ہے۔ 2018ء میں ان 275 قرآنی جرائد کے 80لاکھ نسخے شائع کئے گئے۔
