گلاسگو : ماحولیاتی کانفرنس آج اپنے اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔ برطانیہ کی صدارت میں یہ اجلاس جمعہ اور ہفتہ کی پوری رات جاری رہا اور مذاکرات کار کوششوں میں ہیں کہ ہفتہ کو کسی عالمی معاملت کو حتمی شکل دے دی جائے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے امیر ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحفظ ماحول کی مد میں اضافی رقوم صرف کریں۔ امیر ملکوں نے قریب ایک دہائی قبل سالانہ ایک سو بلین ڈالر فراہم کرنے کا کہا تھا، جس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ اس کانفرنس کو جمعہ کی شام ختم ہو جانا تھا مگر یہ ابھی تک جاری ہے۔ شرکاء تحفظ ماحول کے لیے عالمی درجہ حرارت کو محدود رکھنے، ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی، فوسل فیولز کے استعمال میں کمی کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔