عالمی مانگ پوری کرنے کیلئے کھادی صنعتی سیکٹر بنانا ضروری:نیتی آیوگ

   

نئی دہلی،2اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)نیتی آیوگ نے کہا ہے کہ کھادی مصنوعات کی عالمی مانگ کو پورا کرنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں کھادی صنعتی سیکٹر بنائے جانے کی ضرورت ہے ۔نیتی آیوگ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن پارول کمار نے منگل کو یہان ایک پروگرام‘کھادی -سوتنترتا اور سدبھاونا کی سنرچنا’ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر کھادی مصنوعات کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، ملک کو اس قابل بنناہوگا کہ اسے پورا کیا جاسکے ۔ملک کے مختلف حصوں میں علاقوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے کھادی صنعتی مرکز بنائے جانے چاہئے ۔اس سے یکسانیت پیدا ہوگی اور عالمی مانگ کو پورا کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا،‘‘کھادی واحد ایسا کپڑا ہے جس سے کسی بھی قسم کی ایلرجی نہیں ہوتی اور یہ ماحول کے مطابق بھی ہے ۔ہندوستانی نوجوانوں میں کھادی کے فائدوں کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔’’پروگرام میں حصہ لیے ہوئے نئی دہلی میونسپل کونسل کی سیکرٹری رشمی سنگھ نے کہا کہ معیشت میں دیہی صنعتوں کی حصہ داری بڑھانے کے لئے کھادی کو فروغ دیا جانا چاہئے ۔