برلن، 27مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یوروپ سمیت مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کے پس منظر میں یورپی مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لاگارڈ نے کہا ہیکہ امریکی ڈالر کی پشت پناہی سے قائم عالمی معاشی نظام ’ٹوٹ پھوٹ کا شکار‘ ہورہا ہے۔ انہوں نے یورو کو عالمی ذخیرہ کرنسی کے طور پر پیش کرنے کی حمایت کی۔ برلن میں ہرٹی اسکول میں ایک تقریر کے دوران کرسٹین لاگارڈ نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں عالمی معیشت نے کھلے پن اور کثیرالجہتی پر مبنی ترقی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کے قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام اور ڈالر کی ریزرو کرنسی کے طور پر حمایت نے تجارت کو فروغ دینے اور مالیاتی نظام کو وسعت دینے کیلئے بنیاد فراہم کی۔ کرسٹین لاگارڈ نے کہا کہ گزشتہ 80 برسوں سے امریکہ کی قیادت میں قائم اس معاشی نظام نے یورپی یونین کو بے حد فوائد پہنچائے ، لیکن آج یہ نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔یورپی مرکزی بینک کی صدر کا یہ بیان بظاہر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے اہم شراکت داروں پر بڑے پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عالمی تجارتی کشیدگی کی طرف اشارہ تھا۔کرسٹین لاگارڈ نے کہا کہ عالمی معاشی نظام کی تحلیل یورپ کیلئے خطرات پیدا کرے گی۔