عالمی معیشت، مفرور معاشی مجرمین پر مودی اور ابے کا غوروخوض

,

   

میزبان جاپان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کی G20 سمٹ سے قبل ملاقات ۔ شہنشاہ ناروہیتو کی رسم تاج پوشی میں صدر کووند کی شرکت کا اعلان

اوساکا ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے جاپانی ہم منصب شینزو ابے کے ساتھ عالمی معیشت، مفرور معاشی مجرمین کے مسائل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بارے میں وسیع تر بات چیت منعقد کی اور اعلان کیا کہ ہندوستانی صدرجمہوریہ اکٹوبر میں شہنشاہ ناروہیتو کی رسم تاج پوشی میں حصہ لیں گے۔ دونوں قائدین کے درمیان یہ میٹنگ جاپان کے ’ریوا‘ دَور (ناروہیتو کی یکم مئی 2019ء کو تخت نشینی سے شروع ہونے والا دور) کی شروعات اور ہندوستان میں عام چناؤ کے نتیجے میں مودی کے دوبارہ انتخاب کے بعد سے پہلی ہے۔ مودی نے اپنے اور G20 سمٹ کیلئے جاپان کا دورہ کرنے والے ہندوستانی وفد کے گرمجوشانہ استقبال کیلئے ابے کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے G20 چیئرمین کے طور پر جاپان کی قیادت کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اکٹوبر میں شہنشاہ ناروہیتو کی رسم تاج پوشی میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم مودی کی 28-29 جون کو چھٹی G20 سمٹ میں شرکت رہے گی۔ وزیراعظم نے ابے اور جاپان کے شہریوں کو ریوا دور کی شروعات پر مبارکباد پیش کی۔ نئے دور کیلئے اصطلاح دو کرداروں ’ری‘ اور ’وا‘ کی ترکیب سے بنائی گئی ہے۔ ری کے معنی ’’حکم دینا‘‘ یا ’’حکم‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’خوشحال‘‘ یا ’’اچھا‘‘ ہوتے ہیں۔ وا کے معنی ’’ہم آہنگی‘‘ ہے اور اسے جاپانی زبان میں ’’امن‘‘ کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ رواں سال کے اواخر سالانہ چوٹی اجلاس کیلئے ابے کے دورۂ ہند کے منتظر ہیں۔ بعدازاں، میڈیا کو بریفنگ میں معتمد خارجہ وجئے گوکھلے نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کی گرمجوشانہ ملاقات ہوئی جو ’’دیرینہ دوست‘‘ ہیں اور انھوں نے باہمی رشتے کے بارے میں ’’نہایت تعمیری اور تفصیلی غوروخوض‘‘ کیا۔ گوکھلے نے بتایا کہ ابے نے ابتداء میں G20 سمٹ سے اپنی توقع کے ساتھ بات چیت شروع کی۔ دونوں قائدین نے عالمی معیشت پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر بات کی۔ ابے نے ماضی کے G20 اجلاسوں میں مفرور معاشی مجرمین کے مسئلہ وزیراعظم مودی کی پہل کا ذکر کیا اور کہا کہ G20 کو اس مسئلہ سے اپنے انسداد بدعنوانی اقدامات کے حصہ کے طور پر نمٹنا چاہئے۔ ابے نے عالمی تجارتی مسائل اور ڈیٹا کی منتقلی کی جانچ کیلئے مناسب اقدامات تلاش کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیا اور یہ بھی کہا کہ G20 کو موسمی تبدیلی کے مسئلہ پر بھی تعمیری پیام پیش کرنا چاہئے۔ گوکھلے نے کہا کہ یہ چند مسائل ہیں جن کے معاملے میں ابے کو امید ہے کہ وہ شرکائے اجلاس کو قائل کرپائیں گے اور انھیں ہندوستان کے بشمول G20 ارکان کی حمایت حاصل ہوگی۔ وزیراعظم ابے نے سالانہ باہمی چوٹی اجلاس کیلئے ہندوستان کو اپنے مجوزہ دورہ کا ذکر بھی کیا۔ معتمد خارجہ نے بتایا کہ ابے نے اس سمٹ کیلئے مناسب طور پر تیاری کی اہمیت پر زور دیا جس میں وزارتی میٹنگس ہوں، انفراسٹرکچر، ڈیفنس، خلاء، ڈیجیٹل اکنامی اور اسٹارٹپس کے شعبوں میں مختلف نوعیت کے تبادلوں کے ذریعے بھی سمٹ کیلئے ماحول سازگار بنانے کی ضرورت ظاہر کی۔ دونوں قائدین نے ممبئی۔ احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈر اور وزیراعظم مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی میں زیرتعمیر کنونشن سنٹر کے بارے میں مختصر گفتگو بھی کی۔

انھوں نے دونوں پراجکٹس کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ اوائل سپٹمبر میں ولادیووستوک میں مجوزہ ایسٹرن اکنامک فورم میں ابے کی دوبارہ شرکت کے منتظر ہیں۔ مودی اس فورم میں روسی صدر ولادیمیر پوٹین کی دعوت پر مہمان خصوصی ہوں گے۔ مودی نے شمال مشرقی ہندوستان میں جاپان کے انفراسٹرکچر پراجکٹوں کے کام کی ستائش کی۔ وزیراعظم مودی نے آفات سماوی سے اُبھرنے کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں جاپان سے اعانت بھی چاہی۔