لندن : مختلف ممالک کا اپنے اسٹرٹیجک ذخائر میں سے خام تیل اور اس کی مصنوعات استعمال کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر کم ہو گئی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو خام تیل کی قیمت میں دو فیصد یعنی 2.04 ڈالر کمی ہو کر فی بیرل 100.74 ڈالر ہو گئی ہے۔ جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.94 ڈالر کم ہو کر 96.32 ڈالر ہو گئی ہے اور برینٹ کی قیمت میں 1.5 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی تیل کی قیمت ایک فیصد کم ہوئی ہے انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کے رکن ممالک اگلے چھ ماہ میں چھ کروڑ بیرل تیل جاری کریں گے جبکہ امریکہ نے مارچ میں 18 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد یوکرین جنگ کے بعد روس پرعائد کی جانے والی پابندیوں کی وجہ سے روسی خام تیل کی سپلائی میں پیدا ہونے والی کمی سے نمٹنا ہے۔