عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پھر 100ڈالرسے تجاوز کرگئی

   

سنگاپور، 12 مارچ (یو این آئی) بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت 9.11 فیصد بڑھ کر 100.36ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق خلیج کے خطے میں تجارتی جہازوں پر حملوں اور اہم آئل ٹرمینلز کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی ہیں۔ سپلائی میں ممکنہ تعطل کے خوف سے برینٹ کروڈ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی ہے ۔ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کے سودے 9 فیصد اضافے کے ساتھ 100.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 9 فیصد اضافے کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے ۔ عراقی سیکیورٹی حکام کے مطابق عراقی حدود میں تیل بردار دو بحری جہازوں کو بارود سے بھری ایرانی کشتیوں نے نشانہ بنایا ، جس کے بعد عراق کی تیل کی بندرگاہوں پر آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔ عمان نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنے اہم ‘مینا الفحل’ آئل ایکسپورٹ ٹرمینل سے جہازوں کو نکال لیا ہے ۔ یاد رہے ایران نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ وہ 200 ڈالر فی بیرل تک قیمتوں کے لیے تیار رہے ۔ خیال رہے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے تیل کے ذخائرجاری کرنے کی تجویز پرقیمت میں بڑی کمی ہوئی تھی لیکن صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے کی تازہ دھمکی کے بعد خام تیل کی قیمت میں پھر اضافہ ہورہا ہے ۔