سنسناتی ۔ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے سنسناتی اوپن سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اب سال کے اختتامی گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں ایکشن میں نظر آئیں گے جہاں وہ 2021 کا آخری گرانڈ سلام بھی اپنے نام کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ انہوںنے پہلے ہی آسٹریلین، فرنچ اور ومبلڈن خطابات اپنے نام کرلئے ہیں۔ جوکووچ نے سوشل میڈیا پر تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا سے ٹوکیو تک کا سفر طویل تھا اور اس تھکان سے راحت کے لئے میں نے سنسناتی اوپن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ جوکووچ جو کہ 2021 میں گرانڈ سلام مقابلوں میں 21-0 کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ سب سے آگے ہیں اور اس دوران انہوںنے فروری میں ہارڈ کورٹ پر آسٹریلین اوپن، جون میں کلے کورٹ پر فرنچ اوپن اور جولائی میں گراس کورٹ پر ومبلڈن خطاب حاصل کیا ہے۔ کوئی بھی کھلاڑی ابتدائی تین گرانڈ سلام خطابات حاصل نہیں کئے ہیں جبکہ 1969 میں راڈ لیور نے تمام 4 خطابات حاصل کئے تھے اور اب جوکووچ کو یہ ریکارڈ برابر کرنے کا موقع ہے۔ ومبلڈن میں خطاب حاصل کرنے کے بعد جوکووچ نے ٹوکیو اولمپک کا رخ کیا تھا جہاں انہیں گولڈن گرانڈ سلام حاصل کرنے کا سنہری موقع دستیاب تھا لیکن انہیں جرمنی کے الیگزانڈر زیوریف کے خلاف سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ برونز میڈل کے مقابلہ میں اسپین کے پابلو کیرینو بوسٹا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی اور وہ ٹوکیو سے خالی ہاتھ واپس لوٹے ہیں۔ جوکووچ نے کہا کہ وہ اس طویل سیزن کے دوران ذہنی اور جسمانی دونوں طور پر تھکان محسوس کررہے ہیں لہذا وہ آرام کرتے ہوئے تازہ دم ہونا چاہتے ہیں۔