ملبورن : دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے اور خوف کا ماحول برپا ہے لیکن اس درمیان آسٹریلیا میں ملبورن کے مشہور کرکٹ گراؤنڈ ایم سی جی میں منعقدہ آسٹریلین رولز فٹبال میچ میں زائد از 78,000 شائقین جمع ہوئے۔ گزشتہ ایک سال سے انٹرنیشنل اسپورٹس یا تو معطل ہیں یا پھر اسٹیڈیمس میں شائقین موجودگی کے بغیر کھیلے جارہے ہیں۔ کووڈ ۔ 19 کے ایسے وبائی ماحول میں آسٹریلیا میں کالنگ ووڈ اور ایسینڈن کے درمیان آسٹریلین فٹبال لیگ میچ میں اس قدر بڑے پیمانے پر شائقین کی شرکت حیرانی کی بات ہے۔ آسٹریلیا کے کراؤڈ نے 67,000 کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جو گزشتہ ماہ احمد آباد میں انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں درج کیا گیا تھا۔ ایم سی جی کی مجموعی گنجائش 100,000 سے زائد ہے اور فٹبال میچ میں 78,113 شائقین شریک ہوئے۔