لارڈز ۔ آسٹریلیا کی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورے پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ونڈے میچوں کی سیریزکھیلی جا رہی ہے۔ اس سیریز کے پہلے دو میچوں میں آسٹریلیا نے زبردست کارکردگی دکھائی تھی اور اسے 2-0 کی برتری حاصل تھی لیکن انگلینڈ نے سیریز میں زبردست واپسی کی ہے۔ انگلینڈ نے لگاتار دو میچ جیت کر سیریز بھی برابر کردی ہے۔ سیریز کے چوتھے میچ میں عالمی چمپئن ٹیم آسٹریلیا کو بڑی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس میچ میں ان کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر تک میدان میں نہ ٹھہر سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا چوتھا ونڈے میچ لندن کے لارڈز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ بارش کی وجہ سے یہ میچ فی اننگز39 اوورزکا کھیلا گیا۔ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو کہ مکمل طور پر غلط ثابت ہوا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم نے 39 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر312 رنز بنائے۔ اس ہدف کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 24.4 اوورز میں صرف 126 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور اسے 186 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس میچ میں آسٹریلوی بیٹرس کی جانب سے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے شاندار آغازکیا اور مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے پہلی وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے لیکن اس کے بعد کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا جس کی وجہ سے 8 بیٹرس دوہرے ہندسے کو چھونے میں بھی ناکام رہے۔ ٹریوس ہیڈ نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے اور مچل مارش نے28 رنزکی اننگز کھیلی۔ دوسری جانب انگلینڈ کے فاسٹ بولروں نے انتہائی خطرناک بولنگ کی۔ میتھیو پوٹس نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ بریڈن کارس نے تین اور جوفرا آرچر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں انگلینڈ کی جانب سے اس میچ میں بھی ان کے کپتان ہیری بروک نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ ہیری بروک نے87 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں11 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔میزبان ٹیم کیلئے بین ڈکٹ نے 63 اور لیام لیونگسٹون نے27 گیندوں پر62 رنز بناکر اننگز کا خاتمہ کیا۔ لیام لیونگسٹون اپنی برق رفتار اننگز میں تین چوکے اور سات چھکے لگائے۔ اب انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ اتوار یعنی 29 ستمبرکو برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں سیریزکا فیصلہ بھی ہوگا۔چار مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے مظاہروں کو دیکھ کراندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ بھی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا ۔