عالمی چمپئن کھلاڑی کاغذ کی رکابیوں میں کھانے پر مجبور

   

بارباڈوس ۔ یہاں بارباڈوس میں سمندری طوفان کا انتباہ جاری کرنے کے بعد حالات مشکل ہوگئے ہیں اور اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان بیرل6 کے خلاف احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ان حالات میں احتیاطی تدابیر اختیارکرتے ہوئے تمام ایرپورٹس کو بندکردیا گیا ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس لیے ہندوستانی ٹیم کے جملہ 70 ارکان بشمول کھلاڑی، معاون عملہ، بی سی سی آئی کے عہدیداران اور ان کے اہل خانہ کو ہوٹل کے کمروں تک محدود کردیا گیا ہے۔ ہوٹل بھی بہت کم عملے اور محدود وسائل کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس وجہ سے ٹیم کے کھلاڑیوں کو رات کو قطار میں کھڑے ہوکر پیپر پلیٹوں (کاغذ سے بنی رکابیوں) میں رات کا کھاناکھانا پڑا۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ وہ بارباڈوس میں طوفان سے کھلاڑیوں سمیت تمام عملے کو نکالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ اس کے لیے اس نے اپنا منصوبہ بھی بدل لیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موقع ملتے ہی تمام 70 اراکین کو اب برج ٹاؤن، بارباڈوس سے چارٹر طیارے کے ذریعے براہ راست نئی دہلی لایا جائے گا۔ یادرہے کہ کہ عام طور پر جب ہندوستانی ٹیم بیرون ملک سے واپس آتی ہے تو ممبئی ایرپورٹ پر اترتی ہے۔ تاہم اس بار تمام کھلاڑی نئی دہلی آئیں گے، کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی ان سب سے ملاقات کرسکتے ہیں۔