آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا 2019 میں ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ بارش کی وجہ سے رد ہوگیا ہے۔ مینچیسٹر میں کافی زیادہ بادل ہیں اور اندھیرا ہورہا ہے۔ بارش سے کھیل رد ہونے کے بعد اب میچ میں کیا ہوگا یہ کئی لوگوں کا سوال ہوگا تو اس کا جواب ہم آپ کو دیتے ہیں۔
ناک آؤٹ میچوں کیلئے آئی سی سی نے ریزرو ڈے رکھے ہیں۔ ایسے میں سیمی فائنل اور فائنل میچ کے دن بارش ہونے پر اگلا دن ریزرو ہوگا۔ حالانکہ مداحوں کیلئے بری خبر یہ بھی ہے کہ انڈیا۔ نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میچ کے اگلے دن بھی بارش ہونے کا اندیشہ ہے۔ ساتھ ہی اس دوران بادل چھائے رہیں گے۔ اب سوال اٹھتا ہے کہ اگر ریزرو ڈے کے دن بھی بارش ہوئی تو کیا ہوگا۔ پھر ہندستان اور نیوزی لینڈ میں سے کون سی ٹیم فائنل میں جائے گی۔ کیونکہ گروپ اسٹیج کی طرح یہاں ایک۔ایک پوائنٹ دیکر کام نہیں بن سکتا ہے۔
فائنل کیلئے دونوں میں سے کسی ایک ٹیم کا فیصلہ ہونا ہی ہے۔ ایسے میں قسمت اور گروپ اسٹیج انڈیا کا مظاہرہ اس کی مدد کرسکتا ہے۔ اگر بارش کی وجہ سے یہ میچ نہیں ہوپاتا ہے تو ہندوستان بغیر میچ کھیلے فائنل میں چلا جائے گا۔ اس کی وجہ ہوگی گروپ اسٹیج میں ملے پوائنٹ۔ انڈیا نے لیگ اسٹیج ٹاپ کیا تھا۔ اس نے 9 میں سے 7 میچ جیتے تھے۔ وہیں نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر رہا تھا۔ اسے 9 میں سے 5میچوں میں ہی جیت ملی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان لیگ دور کا میچ بھی بارش نے دھو دیا تھا۔
ورلڈ کپ کے قانون کے مطابق بارش ہونے پر میچ جہاں رکا تھا وہیں سے میچ شروع ہوگا نہ کہ نئے سرے سے میچ شروع ہوگا۔ اگر میچ کے دن اور ریزرو ڈے میں بھی بارش جاری رہتی ہے اور کوئی نتیجہ نہیں نکلتا ہے تب لیگ اسٹیج میں ٹاپ کرنے والی ٹیم آگے چلی جائے گی۔ اگر سیمی فائنل اور فائنل میچ ٹائی ہوتا ہے تو پھر ونر کا فیصلہ سپر اوور سے ہوگا۔