نیو یارک : پاکستان نے بڑھتی عالمی کشیدگی کے پیش نظر امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو نئے عالمی تنائو اور پرانے تنازعات کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کی تازہ دوڑ کا سامنا ہے اور اس وقت اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ عالمی ادارہ امن کی بحالی کیسے کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اقوام متحدہ نہ صرف مسائل پر بحث و مباحثے کے لیے ضروری ہے بلکہ انسانیت کے ضمیر کی ترجمانی کرنے کے لیے اور ان ہالز میں کہے جانے والے الفاظ کو ٹھوس فیصلوں اور اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستانی مندوب نے 193 رکنی اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کی 76ویں سیشن کے بقیہ حصے کے لیے ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں یہی بامعنی اصلاحات ہوں گی اور جنرل اسمبلی میں ہونے والی بحث کو حقیقی دنیا سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم آج ایک ایسی دنیا کا مشاہدہ کر رہے ہیں جہاں عالمی تناؤ بشمول بڑی طاقتوں کے درمیان دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔