واشنگٹن:عالمی یومِ ارض کے موقع پر انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے شجرکاری کی ترغیب پر مبنی اپنا خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے۔گوگل کے نئے ڈوڈل میں گھنے سایہ دار درخت کے نیچے کتاب پڑھتے بچوں اور اردگرد ہریالی اور پھول دکھائے گئے ہیں۔اس ڈوڈل میں درخت کے اوپر بنے گوگل کے تمام حروف میں پتے موجود ہیں جبکہ تیسرا حرف ‘او’ درخت ہی ہے۔عالمی یوم ارض کے گوگل ڈوڈل میں، معروف سرچ انجن کی جانب سے یوٹیوب ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے جو یوٹیوب پر کلک کرتے ہی نظر آتی ہے۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک چھوٹی سی بچی پودا لگاتی ہے اور اس کے بڑے ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پودا ایک تناور اور سایہ دار درخت کی شکل اختیار کرجاتا ہے۔جس کے بعد ایک بچے کو درخت لگاتے اور اس کے ساتھ بڑھتے دکھایا گیا ہے اور پھر یہ سلسلہ جاری رہتے بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ہر فرد کے پودا لگانے سے درختون کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔گوگل نے عالمی یومِ ارض کے موقع پر اس ڈوڈل سے یہ پیغام دینے کی کوشش ہے کہ ‘کس طریقے سے ہر کوئی روشن مستقبل کے لیے ایک وقت میں ایک پودا لگاسکتا ہے’۔اس ڈوڈل کے حوالے سے گوگل نے کہا کہ ‘یہ سیارہ جسے ہم اپنا گھر کہتے ہیں، ہماری پرورش کرتا ہے اور ہمیں متاثر کرتا ہے’۔گوگل کے مطابق ‘ہمارا ماحول ہماری خاطر بہت محنت کرتا ہے اور اس لیے وہ ہم سے بدلے میں اپنا خیال رکھنے کے مطالبے کا حق بھی رکھتا ہے۔