ممبئی: عالمی یوم اردو پرپاسبان ادب کے ڈائس سے ادباء و شعراء کے ذریعہ قومی ہم آہنگی اور خیر سگالی کی اپیل کی گئی اور کیاگیاکہ ملک کی زبانوں اور گنگا جمنی تہذیب اور مخلوط ثقافت کوفروغ دینے کے لیے مل جل کر خدمات انجام دی جائے ۔ دراصل یوم ہندی کی طرز پر اس مرتبہ عالمی یوم اردو کے موقع پر بھی پاسبان ادب کی جانب سے ہندوستانی زبانوں اور ملک کی مشہور گنگا جمنی تہذیب اور مخلوط ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ملک بھرسے تشریف فرما ادیبوں، شاعروں اور غزل سرائوں نے اپنی نظم اور کلام کے ذریعے اپنے اپنے انداز میں قومی ہم آہنگی پیدا کرنے کی اپیل کی۔ عالمی یوم اردو کے موقع پر جنوبی ممبئی کے مرین لائنس کے ساحل پر واقع اسلام جمخانہ میں ابھرتے ہوئے شاعروں نے اپنے کلام پیش کرکے سامعین کو مسحور کردیا۔
