اقوام متحدہ ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے ’’ عالمی یوم انسانیت‘‘ کے موقع پر ان ہزاروں امدادی ورکرس کو جنہوں نے اپنے فرائض انجام دینے کے دوران اپنی جانیں نچھاور کردیں یا شدید طور پر زخمی ہوئے ، جن پر حملے کئے گئے اور بعض ورکرس کا اغواء بھی کیا گیا ، اپنا خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج یہ دنیا ایسے لوگوں کے لئے خطرناک جگہ بن گئی ہے جو دوسروں کی مدد کرنے کے لئے اپنی جان جوکھم میں ڈالتے ہیں ۔ اقوام متحدہ کی ڈپٹی ہومانیٹرین چیف ارسلامولر نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران امدادی ورکرس کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات پیش آئے۔ یہ کہنا کہ ’’ محبت اور جنگ میں سب جائزہ ہے‘‘۔ صرف کتابوں میں اچھا لگتا ہے ۔ جنگ لڑ نے کے بھی کچھ اصول و ضوابط ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو بھلا کیونکر نشانہ بنایا جاسکتا ہے جو مصیبت زدگان کی مدد کیلئے آگے آتے ہیں ۔ 2018 میں 131 امدادی ورکرس ہلاک ، 144 زخمی اور 130 ورکرس کا اغواء کیا گیا تھا اور یہ تمام واقعات 35 ایسے ممالک میں پیش آئے تھے جو بحران کا شکار تھے ۔ مولر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 2 019 ء میں اب تک 57 امدادی ورکرس ہلاک ، 59 ورکرس زخمی اور 40 ورکرس اغواء کئے جاچکے ہیں۔
