عالمی یوم جنگلات کے موقع پر کے بی آر نیشنل پارک میں شجرکاری

   

چیف جسٹس ہائی کورٹ ستیش چندر شرما اور جسٹس نوین راؤ کی شرکت

حیدرآباد۔21۔ مارچ (سیاست نیوز) عالمی یوم جنگلات کے موقع پر آج کے بی آر نیشنل پارک میں چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ ستیش چندر شرما اور جسٹس پی نوین راؤ نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ شجرکاری کیلئے گرین چیلنج مہم کے روح رواں رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے چیف جسٹس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ شجرکاری انجام دی ۔ اس موقع پر پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ تلنگانہ آر ایم دوبریال، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ حیدرآباد ایم جے اکبر آئی ایف ایس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ میں ہریتا ہرم پروگرام کے تحت جنگل بچاؤ۔ جنگل بڑھاؤ مہم کے تحت شجرکاری کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے جنگلات کے تحفظ کے لئے محکمہ اور حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ چیف جسٹس نے حکومت کی جانب سے اربن فاریسٹ پارکس کے قیام کی تجویز کی ستائش کی۔ جے سنتوش کمار نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے شجرکاری اہمیت کے حامل ہے۔ ماحولیات کے لئے فکرمند افراد کے علاوہ عوام کو جنگلات کے تحفظ میں اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعہ ماحولیات میں عالمی حدت پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ سنتوش کمار نے ٹوئیٹر پر چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس نوین راو کے ہمراہ شجرکاری کی تصویر کو پیش کیا اور چیف جسٹس کی جانب سے ہریتا ہرم پروگرام کے آغاز کے لئے چیف منسٹر کی ستائش پر اظہار تشکر کیا ۔ ایم جے اکبر چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے کے بی آر پارک کے تحفظ اور شجرکاری کے ذریعہ پودوں کی تعداد میں اضافہ کی تفصیلات سے چیف جسٹس کو واقف کرایا ۔ر