عالمی یوم خواتین پر مذاکرے کا اہتمام

   

نئی دہلی: معاشرے میں خواتین کوبا اختیار بنانے کے لیے ویژن 2026 کے تحت کام کرنے والی تنظیم ’دی وومن ایجوکیشن اینڈ امپاورمینٹ ٹرسٹ ‘ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک مذاکرے کا اہتما م کیا ۔ مذاکرے کا عنوان تھا ” خواتین میں صنعت کاری کے فروغ کی حکمت عملی اورکامیاب انٹرپرینیورکی حوصلہ افزائی ” اس موقع پر تین کامیاب خواتین کو کامیاب انٹر پرینیور اعزاز سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر مسلم معاشرے میں خواتین کے سرگرم رول پرگفتگو ہوئی ، خواتین نے اپنے تجربات بیان کیے ، یہ پروگرام مکمل طور پر خواتین کے ذریعے خواتین کے لیے تھا جس میں سبھی شرکاء خواتین تھیں ۔’دی وومن ایجوکیشن اینڈ امپاور مینٹ ٹرسٹ ‘ کی چیئر پرسن رحمت النساء نے کہا کہ ہمارا مقصد خواتین میں حوصلہ پیدا کرنا اور معاشرے میں ان کے رول ک مضبوط کرنا ہے ۔ ” خواتین خود کو کسی طور پر کمزورنہ سمجھیں ۔ ذرا غور کریں کیا بچے کی پیدائش کے انتہائی تکلیف دہ عمل کو برداشت کرنے والی خاتون کمزور ہو سکتی ہے ؟ زندگی کے سفر میں دشواریاں آتی ہیں لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنا چاہیے ۔ ہمارے سامنے قمر جہاں ، تبسم امتیاز اور رانی کی جدو جہد ہمارے سامنے ہے ، یہ تینوں خواتین کے حوصلے کو دیکھیں مشکل حالات سے نکلنے کی ان کی کوششیں قابل تقلید ہیں ۔