حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ریاست کی خواتین کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خواتین ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عصرحاضر میں تمام شعبوں میں خواتین مَردوں کے ساتھ مسابقت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں ایسے میں اگر انہیں مساوی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تو وہ حیرت انگیز کارنامے انجام دیں گی۔ تلنگانہ حکومت خواتین کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے جن میں شی ٹیمس کا قیام، ضعیف خواتین، تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین اور بیواؤں کیلئے وظائف، کلیان لکشمی، شادی مبارک، کے سی آر کٹس کے علاوہ آنگن واڑی اور آشا ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر اسکیمات شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جہاں تک خواتین کی فلاح و بہبود کا تعلق ہے تلنگانہ اس محاذ پر ملک میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ 8 مارچ 2021 کو عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے حکومت نے ریاست کے تمام خاتون سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی رخصت اتفاقی کا اعلان کیا ہے اور چیف سکریٹری کو احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عالمی یوم خواتین
گورنر کی خواتین کو مبارکباد
حیدرآباد : تلنگانہ گورنر ڈاکٹر ٹی سندرا راجن نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے پیام میں انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب ، تمدن اور روایتیں صدیوں سے خواتین کی احترام کرتی ہیں ۔ انہوں نے سماج میں جنسی مساوات کے جذبہ کو فروغ دینے اور تمام شعبہ حیات میں خواتین کو مساوی حقوق دینے پر زور دیاہے ۔