عالمی یوم خواتین کے موقع پر سینکڑوں خواتین میں ملبوسات کی تقسیم

   

ادارہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈس کی کپڑا بینک میں تقریب ، جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔8مارچ(سیاست نیوز)عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین او رلڑکیوںکی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کہاکہ سینکڑوں بے سرو سامانی کے عالم میں سڑک کے کنارے زندگی گذارتے ہیں اور شب بسری کرتے ہیں۔سردیوںکے موسم میں ان کا کوئی پرسان حال نہیںہوتا‘ گرما میں بھی ان کا یہی حال رہتا ہے۔اسی کے پیش نظر ادارہ سیاست او ر فیض عام ٹرسٹ کی نگرانی میں چلائے جانے والے کپڑا بینک کی جانب سے موسم سرما میں شہر کے مختلف حصوں میں بے سروسامانی کے عالم میں شب بسری کرنے والوں میں بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لانے کاکام شروع کیاگیا۔عابد علی خان آئی اسپتال کی تیسری منزل پر واقعہ ادارہ سیاست ‘ فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈس کے کپڑا بینک میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک سو خواتین او رلڑکیوںمیں مستعملہ کپڑوں کی تقسیم کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران جناب زاہدعلی خان نے کپڑوں کی تقسیم سے لے کر تعلیمی امداد کے سلسلے میں ادارہ سیاست کے ساتھ فیض عام ٹرسٹ کے گرانقدر تعاون کی ستائش کی ۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ دوسال گیارہ ماہ قبل کپڑا بینک کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ انہو ںنے کہاکہ کینیڈا کے ساکن دوست نے تین کنٹینر کپڑے روانہ کئے تھے جس میں بیس لاکھ کے قریب ملبوسات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ گرما میںاستعمال ہونے والے ہلکے کپڑے اور سردیوں میںاستعمال ہونے والے گرم کپڑوں کے علاوہ وہاں پر استعمال ہونے والے دولہا دولہن کے ملبوسات بھی اس میںشامل تھے ۔جن کی صفائی کے بعد خوبصورت انداز میںپیک کرتے ہوئے مذکورہ ملبوسات غریب عوام میںتقسیم کا آغاز کیاگیا ۔ جناب زاہدعلی خان نے بتایا کہ اس میںکچھ جیاکٹس اور دیگر استعمال ہونے والے سامان بھی تھے جن کی تقسیم کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ شعبہ تعلیم میںفیض عام ٹرسٹ کے کارنامے مثالی ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ پرانے شہر کی کسی لڑکی کو پائلٹ بنانے کی بات ہو یا پھر آئی آئی آئی ٹی میںداخلہ ہو یا اس کے علاوہ میڈیکل اور انجینئرنگ میں زیر تعلیم طلبہ کی مالی اعانت ہو فیض عام ٹرسٹ نے بڑھ چڑھ کا حصہ لیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ہی پولیس ایکشن میں جو تعلیم ہم سے چھین لی گئی تھی اس کو دوبارہ حاصل کرنا ہے۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ موجودہ دور میں ہماری بیٹیاں تعلیم کے میدان میںسب سے آگے ہیں۔ ادارہ سیاست کے شادیوں کے دوبدو پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ شادیوں میںبیجا اصراف سے بچانے کی مہم اس لئے شروع کی گئی کیونکہ جہیز کی لعنت کے سبب پرانے شہر میں چالیس ہزار سے زائد لڑکیاں شادی کی عمرپارکرچکی ہیں۔ اس ضمن میں ایک سروے میں اسبات کاانکشاف ہوا ۔ شریمتی لکشمی دیوی راج نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر تقریب میںشریک خواتین او ر لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو مردوں سے کم نہ سمجھیں۔ خواتین کے لئے مقرر ہ حدود کو پار کئے بغیر تمام شعبہ حیات میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی رہیں۔صدر فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین‘ ڈاکٹر مخدوم محی الدین‘ جناب رضوان حیدراور جنا ب علی حیدربھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ پروفیسر شوکت علی مرزا نے تقریب کی کاروائی چلائی۔کپڑوں کی تقسیم بیگم زاہد علی خان‘ بیگم افتخار حسین ‘ شریمتی لکشمی دیوی راج‘ امریکہ کے مہمان محترمہ بلقیس اور محترمہ ارجمند کے علاوہ دیگر کے ہاتھوں عمل میں آئی۔