عالمی یوم صحت، چیف منسٹر کی عوام کو مبارکباد

   

حیدرآباد۔ 6 اپریل (پریس نوٹ) چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے عالمی یوم صحت کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ ریاست کے عوام خوشحال اور صحت مند زندگی گذاریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کی بہتر صحت اور اس کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عالمی یوم صحت پر اپنے پیام میں انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبہ میں تلنگانہ معیاری پیشرفت کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف ہیلت اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ شعبہ صحت کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ صحت عامہ کے شعبہ کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ شعبہ صحت کو مستحکم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر نئے عہدوں کو منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ سوپر اسٹیشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیر کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔