عالمی یوم صحت کے موقع پر آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کا مذاکرہ

   

نئی دہلی: آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے زیراہتمام عالمی یوم صحت کے موقع پر ایک مذاکرہ ‘طب یونانی میں اسباب ستہ ضروریہ اور ہماری صحت’ کے عنوان پر منعقد ہوا۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (دہلی) کے صدر ڈاکٹر سنجے ڈھینگرا نے کہا کہ اس سال ڈبلیو ایچ او نے پلانیٹس اور ہماری صحت کو تھیم بنایا ہے ۔ طب یونانی میں لائف اسٹائل کے حوالے سے اسباب ستہ ضروریہ پر عمل کرنے سے ہم مکمل طور سے صحت یاب رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج دیسی طریقہ علاج کو فروغ دینا وقت کا تقاضہ ہے مگر آیوروید کے ساتھ ساتھ طب یونانی اور ہومیوپیتھی کو بھی یکساں ترقی کے مواقع ملنے چاہیے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ این سی آئی ایس ایم کے قیام سے طب یونانی کی صورت حال بہت نازک ہوچکی ہے ، اس لیے حکومت ہند کے وزارت آیوش کو آیوروید کے ساتھ طب یونانی کو بھی ترقی کے پورے مواقع فراہم کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر آدمی سے ٹیکس وصول کرتی ہے اور اس کے بدلے میں وہ صحت اور سکیورٹی کی ضمانت فراہم کرتی ہے ، اس لیے ہر شہری کی صحت کے تعلق سے حکومت کو اقدام کرنے چاہیے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماحول اور سماج جب صاف ستھرے اور بہتر ہوں گے تو ہماری صحت بھی اچھی رہے گی۔