نئی دہلی: عالم اسلام نے بھی پہلگام کے دہشت گردانہ واقعے پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت کو ختم کرنے کے لیے سارے ممالک کو اکٹھا ہوکر کام کرنا چاہئے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مسلم ممالک کے سربراہان نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گردی کے سانحہ پر دکھ اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی شکل میں قبول کرنے کی گنجائش نہیں ہے ۔ یہ ایک لعنت ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ، کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور طالبان کی حکومت نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔ امیرکویت نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اس دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کے ساتھ پوری ہمدردی ہے اور دعاگو ہیں کہ جولوگ زخمی ہوئے انہیں جلد از جلد شفایابی ملے ۔ عراق کی وزارت خارجہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔ عرب ملکوں کے علاوہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے مسئلے پر ہندوستان کے ساتھ ہے اور انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے سے بہت تکلیف پہنچی ہے ۔ روس کے صدر ولادیمر پوتن نے بھی انہیں خیالات کا اظہار کیا ہے ۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی دہشت گردی کی قطعی گنجائش نہیں ہے اور ہماری ہمدردی جان گنوانے والے معصوموں اور متاثرین کے ساتھ ہے ۔