کراچی: پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوئے دیو بند مسلک کے معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کو اتوار کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔مولانا عادل کی نماز جنازہ اتوار کی صبح کراچی کے علاقے حب ریور روڈ پر ادا کی گئی جس میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔مولانا عادل خان کو ہفتہ کی رات اس وقت قتل کیا گیا۔ جب وہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے اور انہیں شاہ فیصل کالونی میں ایک مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ڈاکٹر عادل خان دینی مدرسہ جامعہ فاروقیہ کے مہتمم تھے۔وزیراعظم عمران خان نے بھی مولانا عادل خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان پر الزام لگایا ہے کہ ہندوستان پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتا ہے۔ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان پچھلے تین ماہ سے علمائے دین کو نشانہ بنا کر پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کوشاں ہے۔