عامرشکیل کو کامیاب بنایا گیا تو 400 روپئے میں پکوان گیس حاصل ہوگا

   

آئمہ مؤذنین کی خدمات کا احترام، اعزازیہ پانے والے آئمہ و مؤذنین کی فہرست میں 7 ہزار کا اضافہ
کانگریس نے مسلمانوں کو ووٹ بنک بنایا۔ بی آر ایس مسلمانوں کو ترقیاتی و فلاحی کاموں کاحصہ دار بنارہی ہے

حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ بودھن سے بی آر ایس کے امیدوار عامرشکیل کو تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر عوام کو 400 روپئے میں پکوان گیس، 5 لاکھ روپئے کا لائف انشورنس، خواتین کو ماہانہ 3 ہزار روپئے مالی امداد کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچایا جائے گا۔ آج اسمبلی حلقہ بودھن میں بی آر ایس کے امیدوار عامرشکیل کی تائید میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ عامرشکیل کی کارکردگی ناقابل فراموش ہے۔ کانگریس کے امیدوار سدرشن ریڈی ماضی میں وزیرآبپاشی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے وہ ترقیاتی کام نہیں کئے جو عامر شکیل صرف رکن اسمبلی رہتے ہوئے کرچکے ہیں۔ وہ دور چلے گیا جب صورت دیکھ کر یا پارٹی کو دیکھ کر ووٹ دیا جاتا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد عوام کام کرنے والے امیدواروں اور بہترین حکومت کرنے کا ریکارڈ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو ووٹ دیتے ہوئے کامیاب بنارہے ہیں۔ ماضی میں کانگریس اور تلگودیشم حکومتوں نے اقلیتوں کو صرف ووٹبنک بنا کر رکھا تھا ان کی ترقی اور بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ بی آر ایس حکومت میں اقلیتوں کو ترقیاتی و فلاحی کاموں کا حصہ دار بنایا جارہا ہے۔ مسلمانوں کی تعلیمی، معاشی، سماجی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ ٹمریز اسکولس کا جال اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے مسلم طلبہ کو 20 لاکھ روپئے تک اسکالر شپ فراہم کی جارہی ہے۔ غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے شادی مبارک اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ آئمہ و مؤذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ دیا جارہا ہے۔ پہلے 10 ہزار آئمہ و مؤذنین کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچایا جارہا تھا اب اس اسکیم میں مزید7 ہزار آئمہ و مؤذنین کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ریاست میں بی آر ایس کی تیسری مرتبہ کامیابی کے بعد اعزازیہ کو 10 ہزار روپئے تک توسیع کرنے کا سنجیدگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ عامر شکیل بی آر ایس کے ایسے رکن اسمبلی ہے پارٹی اور حکومت کی جانب سے انہیں جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے اس کو وہ بخوبی نبھاتے ہوئے اپنے کام سے انصاف کرتے ہیں۔ 10 سال کے دوران اسمبلی حلقہ کو چومکھی ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ سڑکوں کا جال پھیلا دیا ہے۔ تالابوں کے احیا کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ پینے کے پانی کی سربراہی، فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کے معاملے میں غیرمعمولی کام کیا ہے۔ عوام کے درمیان وہ عوامی خدمات انجام دینے والے عامرشکیل کو اسمبلی حلقہ بودھن کے عوام 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے انہیں ان کی کارکردگی کا انعام دیں۔ن