عامر خان اور کرن راؤ کی 15 سال پرانی شادی ٹوٹ گئی

   

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان اور کرن راؤ نے شادی کے 15 سال بعد اپنے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جوڑے نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے طلا ق لینے کا اعلان کیا ہے اور کہاکہ اب ان کی راہیں جدا ہو رہی ہیں اور اب وہ دونوں شوہر اور بیوی کے بجائے علیحدہ زندگی گزاریں گے۔ اس خبر نے عامر خان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔عامر خان اور کرن راؤ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’ان 15 خوبصورت سالوں میں ہم نے زندگی بھر کے تجربات اور ڈھیر ساری خوشیوں کا اشتراک کیا ہے۔ ہمارے تعلقات‘ اعتماد، محبت اور احترام پر مبنی تھے۔ اب ہم زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جس میں ہم میاں بیوی کی طرح نہیں رہیں گے بلکہ شریک والدین اور ایک خاندان کی طرح رہیں گے۔ ہم نے علیحدگی کا فیصلہ کچھ وقت پہلے کیا تھا اور اب جبکہ اسے عملی جامہ پہنانے کا وقت آ گیا ہے تو ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں۔‘‘دونوں نے مزید کہا کہ ’’ہم الگ الگ رہنے کے باوجود ایک دوسرے کے توسیع شدہ خاندان کی طرح زندگی گزاریں گے۔ ہم اپنے بیٹے آزاد کا پورا خیال رکھیں گے اور مشترکہ طور پر اس کی پرورش کریں گے۔