عامر خان سال میں 6 فلمیں کرنے کے خواہاں

   

ممبئی ۔ مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ انہوں نے تقریباً تین سال قبل اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جب ملک میں کورونا کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن تھا توگھر بیٹھے انہیں اپنی زندگی کے بارے میں جاننے اور سوچنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ سمجھ چکے تھے کہ وہ30 سال سے فلموں میں کام کر رہے ہیں اور ان 30 سالوں میں انہوں نے اپنے خاندان اور اپنے قریبی لوگوں کو کوئی وقت نہیں دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنی فیملی کو وقت نہ دینے پر افسوس ہے جس کی وجہ سے انہوں نے فلموں سے مکمل طور پر دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عہد کیا تھا کہ اب وہ زندگی میں کبھی اداکاری یا ڈائریکشن نہیں کریں گے۔ وہ اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی بیچنا چاہتے تھے لیکن کوئی خریدار نہیں ملا۔ جب انہوں نے اپنے بچوں اور سابق اہلیہ کرن راؤکو اپنے فیصلے کے بارے میں بتایا تو انہوں نے انہیں فلمیں چھوڑنے سے منع کردیا۔ بیٹی ایرا نے انہیں زندگی میں توازن برقرار رکھنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے فلموں میں رہنے کا فیصلہ کیا۔ اب وہ زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ ایک سال میں 6 فلمیں کرنا چاہتے ہیں۔ پوڈ کاسٹ میں انہوں نے اگلے 10 سالوں کے لیے اپنے کیریئر کے منصوبوں کے بارے میں بھی بات کی ہے۔ عامر خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا کہ اب میں 59 سال کا ہوگیا ہوں۔ 70 سال کے ہونے میں 10-11 سال ہیں۔ تو یہ آخری 10 سال میرے فعال ہوں گے۔ میں نے سوچا کہ اس 10 سالوں میں اگر میں اپنے اصلی انداز میں کام کروں تو 3 سال میں ایک فلم، 2 سال میں ایک فلم، تو 10 سال میں پانچ فلمیں بن جائیں گی۔ میرے دل میں خیال آیا کہ جاتے جاتے اپنے لیے ایک پلیٹ فارم بنا لینا چاہیے۔ اس پلیٹ فارم میں، مجھے لوگوں کے لیے ایک پلیٹ فارم بننا چاہیے، ٹیلنٹ، جو ٹیلنٹ مجھے پسند ہے، اپنی قسم کا ٹیلنٹ سامنے آئے۔ ان کی کمپنی (عامر خان پروڈکشن) اب مزید فلمیں پروڈیوس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک سال میں 4 تا 6 فلمیں کرنا چاہتا ہوں تاکہ نئے ٹیلنٹ کو موقع ملے۔ میں نئے ٹیلنٹ کے لیے ایک پلیٹ فارم بن سکتا ہوں۔ ٹیلنٹ کے لیے جس پر مجھے بھروسہ ہے اور اس طرح ایک پروڈیوسرکے طور پر میں مزید کہانیوں کے ساتھ جڑ سکتا ہوں۔ میں بھی ان 10 سالوں کو اس طرح استعمال کرنا چاہتا ہوں کہ ٹیلنٹ کو انڈسٹری میں آنے کا موقع ملے۔یاد رہے کہ لال سنگھ چڈھا کے بعد عامر خان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے ۔