عامر خان کو آر کے لکشمن ایکسیلینس ایوارڈ

   

ممبئی، 27 نومبر (یو این آئی) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان پہلے ایسے اداکار بن گئے ہیں جنہیں آر کے لکشمن ایوارڈ فار ایکسی لینس سے نوازا گیا ہے ۔عامر خان ہندستان کے بڑے سپر اسٹارز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کی شاندار اداکاری نے بالی ووڈ کو کئی یادگار فلمیں دی ہیں اور انہوں نے انٹرٹینمنٹ دنیا میں مسلسل ایسا غیرمعمولی تعاون دیا ہے جس نے انڈسٹری کو نئی سمت دی۔ اسی غیر معمولی کامیابی اور کام کے اعتراف میں عامر خان کو پہلا آر کے لکشمن ایکسی لینس ایوارڈ عطا کیا گیا۔یہ اعزاز مشہور کارٹونسٹ آر کے لکشمن کے نام سے منسوب ہے ، جسے ان کے خاندان نے شروع کیا ہے ۔ اس خصوصی اعزاز کو عامر خان نے بومن ایرانی سے وصول کیا۔ اس گرینڈ ایوارڈ نائٹ کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے فلم سازوں نے لکھا ہے کہ ایک لیجنڈ کو سب سے یادگار انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ، عامر خان نے بومن ایرانی کے ہاتھوں پہلا آر کے لکشمن ایکسی لینس ایوارڈ حاصل کیا، اور ہزاروں لوگوں نے اس تاریخی لمحے کو دیکھا۔

ایوارڈ کے ساتھ ایک زبردست لائیو کنسرٹ بھی منعقد ہوا، جسے آسکرایوارڈ یافتہ کمپوزر اے آر رحمان نے پیش کیا۔ یہ تقریب ایم سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی، جہاں موسیقی اور یادوں کے ذریعے اُس کارٹونسٹ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جس نے ہندستان کے سب سے پیارے کرداروں میں سے ایک ‘دی کامن مین’ کو تخلیق کیا تھا۔