عامر خان کی فلم ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس کا اعلان

   

ممبئی، 3 دسمبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے ایک منفرد اور مزاح سے بھرپور جاسوسی فلم ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس کا اعلان کیا ہے، جو وِر داس کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہوگی۔ فلم سازوں نے ایک نہایت دلچسپ اعلان ویڈیو جاری کی جس میں عامر خان اور وِر داس ایک دوسرے سے مزاحیہ انداز میں بحث کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں کیپشن دیا گیا کیا بنایا سے کیا بنایا تیار ہو جائیں کامیڈی، ایکشن، رومانس اور جاسوسی کے ہنگامہ خیز سفر کے لیے۔ ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس، صرف 16 جنوری 2026 سے سنیما گھروں میں! ویڈیو میں عامر، وِر داس کو فلم کی نوعیت پر ڈانٹتے ہوئے کہتے ہیں یہ فلم ہے؟ تم نے کہا تھا ایکشن فلم، جاسوسی فلم، تھرلر… ایکشن کہاں ہے؟ وِر داس جواب دیتے ہیں: سر، ایکشن ہے، مارپیٹ بھی ہے۔جس پر عامر طنزکرتے ہیں ساری فلم میں تم ہی پٹ رہے ہو… وہ ایکشن ہے؟ مایوس عامر یہ بھی کہتے ہیں کہ وِرکو فلم کے بجائے اسٹینڈ اپ کامیڈی کرنی چاہیے تھی۔جب عامر رومانس کے بارے میں پوچھتے ہیں تو وِرکہتے ہیں کہ فلم میں پوری محبت کی کہانی ہے، جس پر عامر حیرانی سے جواب دیتے ہیں ، جس میں تم پہلی ملاقات میں ہی تھپڑکھا لیتے ہو، وہ رومانس ہے؟ عامر یہ بھی انکشاف کرتے ہیں کہ وہ فلم میں ایک آئٹم نمبر‘ چاہتے تھے، لیکن وِر داس ہی آئٹم گرل بن گئے۔عامر فلم کو ناکام قرار دیتے ہیں، جس پر وِر جوابی وار کرتے ہوئے کہتے ہیں سر، سب کی ناکام ہوتی ہے… آپ کی لال سنگھ… یہ سنتے ہی دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو جاتا ہے۔ اسی دوران فلم کی ٹیم آکر فلم کی کھل کر تعریف کرتی ہے، جسے سن کر عامر فوراً اپنا موقف بدل دیتے ہیں اور کہتے ہیں میں نے اسے کہا تھا کہ ایک بہترین فلم بنانا… معمولی فلم نہیں۔ واقعی کیا زبردست فلم ہے! فلم میں مونا سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس کی ریلیز 16 جنوری 2026 کو طے ہے۔