عامر خان کی فٹنس بحالی کیلئے ڈائٹ اور ورزش پر توجہ

   

ممبئی ، 15 ستمبر (ایجنسیز) عامر خان نے اپنے وزن میں حالیہ اضافے کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ اس کی وجہ مائیگرین کے علاج کیلئے اسٹیرائیڈ تھراپی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فٹنس بحال کرنے کیلئے پہلے ہی ڈائٹ اور ورزش شروع کر چکے ہیں۔عامر خان حال ہی میں ممبئی میں اجیواسن ایکٹ کے چوتھے سیزن میں توجہ کا مرکز بنے، نہ صرف اپنی پرفارمنس بلکہ بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے بھی۔ ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ نیلے کرتے اور پاجامے میں ملبوس عامر واضح طور پر زیادہ وزنی نظر آ رہے تھے، جس سے مداحوں نے سوچا کہ کہیں وہ اپنے اگلے کردار کے لیے وزن تو نہیں بڑھا رہے۔ بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے قیاس کیا کہ کیا یہ وزن ان کی زیرگردش داداصاحب پھالکے کی مبینہ سوانح عمری (بائیوپک) کے لیے تھا۔ لیکن ڈیکن کرونیکل کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں عامر نے وضاحت کی کہ ظاہری شکل میں تبدیلی کا فلموں سے نہیں بلکہ صحت سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے کچھ عرصے سے مائیگرین ہو رہا تھا، اور اس کیلئے مجھے اسٹیرائیڈ علاج لینا پڑ رہا تھا۔ اس کی وجہ سے میرا وزن بڑھ گیا، میں اس کیلئے کچھ نہیں کر سکتا۔ درحقیقت، میں نے اپنی محدود خوراک اور ورزش شروع کر دی ہے کیونکہ مجھے اپنی اگلی فلم کیلئے جسامت واپس لانی ہے۔‘‘ جب پوچھا گیا کہ کیا ڈاکٹروں نے ان کے مائیگرین کی بنیادی وجہ تشخیص کر لی ہے، تو عامر نے ڈیکن کرونیکل کو بتایا، ’’نہیں، کیونکہ وہ یہ پتہ لگانے میں ناکام ہیں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ اسٹیرائیڈ سے سر درد تو دور ہو رہا ہے لیکن میں مسلسل اسٹیرائیڈ نہیں لے سکتا۔ بعض اوقات، آپ جانتے ہیں، یہ تشخیص کرنا مشکل ہوتا ہے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پیچیدہ معاملہ ہے۔‘‘ مائیگرین کے علاج میں اسٹیرائیڈز پہلی پسند نہیں ہیں، لیکن جب معیاری ادویات آرام نہ دیں یا سر درد بار بار ہوتا رہے تو ان کا استعمال کیا جاتا ہے۔ عامر خان آخری بار اپنی مشہور زمانہ فلم `تارے زمین پر کے سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ میں نظر آئے تھے۔ آر ایس پرسنا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں جنیلیا ڈی سوزا لیڈ کردار میں تھیں اور نئے فنکاروں کی ایک کھیپ تھی۔ عامر خان، لوکیش کاناگراج کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’قلی‘ میں بھی خصوصی کردار میں نظر آئے، جس کی کاسٹ میں رجنی کانت، ناگرجن، شروندی ہاسن اور دیگر شامل تھے۔