ممبئی، 14 مئی (آئی اے این ایس): بالی وڈ کے سوپر اسٹار عامر خان کو اپنی نئی فلم ستارے زمین پر کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے عامر خان کی جانب سے آپریشن سندور پر دیر سے ردِعمل ظاہرکرنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور ان پر فلم کی تشہیرکے لیے قومی معاملے کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ عامر خان جیسے ٹرینڈز دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ عامر خان پروڈکشنز نے 12 مئی کو اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا: آپریشن سندورکے ہیروز کو سلام۔ ہماری مسلح افواج کی بہادری، شجاعت اور قومی سلامتی کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔ معزز وزیرِاعظم کا ان کی قیادت اور عزم پر شکریہ۔ جَے ہند!۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ کے وقت پر سوال اٹھایا۔ ایک صارف نے لکھا: کیونکہ آج فلم کا ٹریلر ریلیز ہونا تھا، اس لیے انہوں نے کل یہ حرکت کی۔ اس سے پہلے تک چپ بیٹھا تھا!۔ دوسرے صارف نے تبصرہ کیا: سب فلم کی ریلیز کی وجہ سے ہے۔ بہت دیر ہو چکی! تیسرے ناراض صارف نے کہا: اس کی فلم کا بائیکاٹ کریں۔ یہی طریقہ ہے! ایک اور تبصرہ میں کہا گیا: ایسے ناشکرے لوگوں کو سبق سکھانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کی فلموں کا بائیکاٹ کیا جائے! یہ پہلا موقع نہیں جب بالی ووڈکے بڑے ستاروں کو قومی معاملات پر خاموشی کے لیے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ چند روز قبل میگا اسٹار امیتابھ بچن کو بھی آپریشن سندور اور دیگر اہم معاملات پر خاموشی پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اداکار سلمان خان بھی اس وقت سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آئے جب انہوں نے جنگ بندی پر ایک پوسٹ کی اور پھر اسے حذف کر دیا۔ اگرچہ انہوں نے جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، مگر “آپریشن سندور” پر ان کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔