عامر خان کے گھر پہنچی پولیس عہدیداروں کی ٹیم، وجہ واضح نہیں

   

ممبئی، 28 جولائی (ایجنسیز) بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے گھر اچانک 25 آئی پی ایس افسران کی آمد نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ ممبئی کے باندرا علاقہ میں واقع عامر خان کے گھر پولیس کے یہ بسانوں اور وینز میں پہنچے، جس سے علاقے میں خاصی تشویش پیدا ہوگئی۔ اس واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں اور فلمی حلقوں میں بھی یہ موضوع زیربحث ہے۔ ایک مشہور انگریزی میڈیا ادارہ نے عامر خان کی ٹیم سے رابطہ کیا۔ تاہم ٹیم کی جانب سے واضح جواب نہیں ملا اور کہا گیا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں حکومت کی طرف سے کوئی سرکاری بیان ملنے کا انتظار ہے۔ اس وجہ سے اس دورے کے پیچھے اصل مقصد ابھی تک راز ہی ہے۔ فلمی ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ افسران عامر خان سے کسی خاص پراجکٹ پر بات چیت کیلئے آئے ہیں۔ عامر خان جلد ہی آسٹریلیا میں ’انڈین فلم فیسٹیول آف میلبرن (IFFM)‘ کے چیف گیسٹ کے طور پر شرکت کریں گے جہاں ان کی مشہور فلم ’ستارے زمین پر‘ کی خصوصی نمائش ہوگی۔ اس تقریب میں ممکنہ طور پر عامر خان اپنی نئی فلم یا پراجکٹ کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔ عامر خان کی حالیہ دو فلمیں ’ٹھگس آف ہندوستان‘ اور ’لال سنگھ چڈا‘ باکس آفس پر ناکام رہنے کے باوجود ’ستارے زمین پر‘ نے شائقین میں خاصی پذیرائی حاصل کی ہے اور اس لئے ان کے نئے منصوبے کے تعلق سے فلمی دنیا میں خاصی دلچسپی ہے۔