عامر شکیل کی انسانی ہمدردی 800 آکسیجن سیلنڈرس کا انتظام

   

کوویڈ وارڈ پہونچکر متاثرین سے ملاقات ، ادویات و دیگر ضروریات کی فراہمی
حیدرآباد :۔ کورونا بحران کے دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی عامر شکیل کی انسانی ہمدردی متاثرین میں 800 سے زائد آکسیجن سیلنڈرس فراہم کیے ۔ اسمبلی حلقہ بودھن کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی عامر شکیل گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیلنے پر متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں ۔ تاحال کورونا سے متاثر ہو کر سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کرنے والوں کی فوری مدد کی ہے ۔ تاحال 800 آکسیجن سیلنڈرس فراہم کیے مزید آکسیجن سیلنڈرس کا آڈر دے چکے ہیں جو ایک دو دن میں بودھن پہونچ جائیں گے ۔ ریاست بھر کے ہاسپٹلس میں بیڈس کی قلت پائی جاتی ہے تاہم عامر شکیل اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں بیڈس دلوا رہے ہیں ۔ غریب و ضرورت مند متاثرین کی معاشی اعتبار سے مدد کرنے کے علاوہ انہیں ادویات بھی فراہم کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں عامر شکیل کے والد کا بھی انتقال ہوا ہے ۔ لہذا وہ خاندان پر عائد ہونے والی مصیبت سے اچھی طرح واقف ہیں اور ہر کسی کی مدد کررہے ہیں ۔ روزنامہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے عامر شکیل نے بتایا کہ وہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں ۔ عوام بہت زیادہ پریشان ہیں اور اس نازک موقع پر عوام کے دکھ درد میں شامل رہنا بحیثیت انسانیت اور ایک رکن اسمبلی ان کا فریضہ ہے ۔ وہ اپنی ذات میں کچھ بھی نہیں ہے ۔ بس خدا ان سے کام لے رہا ہے اور وہ خدمت کے جذبہ سے کام کررہے ہیں ۔ یہی نہیں کورونا کے متاثرین کو حوصلہ دینا آدھا علاج ہے اس لیے وہ ہاسپٹل میں زیر علاج کورونا کے متاثرین کے وارڈس میں پہونچکر ان سے ملاقات کررہے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں باہر نکل رہے ہیں تو لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں ۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو اور اپنے ارکان خاندان کو اس وبا سے محفوظ رکھیں ۔۔