پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی پر چیرپرسن بلدیہ اور 12 حامیوں کیخلاف کیس درج
بودھن ۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس پارٹی بودھن کے دو سینئر قائدین ایم ایل اے بودھن شکیل عامر اور چیرپرسن بلدیہ بودھن ٹی پدما کے درمیان مزید دوریاں اس وقت بڑھ گئی جب ٹی پدما کی جانب سے قائم کردہ آبدارخانہ پر شکیل عامر کی فوٹو نظر نہیں آئی شکیل عامر کے برہم حامیوں نے آبدارخانہ پر لگے فلکس بورڈ کو اکھاڑ پھینک دیا۔ برہم چیرپرسن اور ان کے کونسلر شوہر شرت ریڈی و دیگر قائدین فلکس نکال دینے والوں کے خلاف شکایت درج کروانے بودھن پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں سرکل انسپکٹر پولیس پریم کمار کی عدم موجودگی پر وہاں پر موجود عملے کے افراد کی جانب سے کسی قسم کے عدم مثبت ردعمل کے اظہار پر چیرپرسن اور ان کے حامیوں نے پولیس کے خلاف نعرے بلند کئے بودھن پولیس اسٹیشن میں افراتفری کی اطلاع پاکر اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن کرن کمار پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں اے سی پی اور چیرپرسن کے شوہر کے درمیان سخت کلامی کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی۔ بعد ازاں شرت ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ محترمہ کے ایصال ثواب کے لئے بودھن کے بعض اہم مقامات پر آبدارخانہ قائم کررہے ہیں جس کا مکمل خرچ ان کی والدہ کے نام سے قائم ٹی شیواماں میموریل ٹرسٹ برداشت کرے گا جس کے وہ خود چیرمین ہیں۔ شرت ریڈی نے کہا کہ آبدار خانوں پر کن قائدین یا معزز شخصیات کے تصاویر لگانا ان کا اپنا اختیار ہے لیکن شکیل عامر کے برہم حامیوں نے کے سی آر کے ٹی آر کویتا اور چیرپرسن کے تصاویر کے ساتھ مقامی ایم ایل اے کی فوٹو نہ لگانے پر شدید برہمی کے ساتھ آبدارخانہ پر موجود فلکس کو اکھاڑ پھینک دیا۔ ذرائع کے مطابق چیرپرسن اور بعض ارکان بلدیہ وہ دیگر قائدین بودھن میں بی آر ایس کی کارکردگی سے ہائی کمان کو واقف کرانے آج حیدرآباد روانہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق چیرپرسن کے بشمول دیگر 12 افراد کے خلاف بودھن پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کرنے کے خلاف کیس درج رجسٹرڈ کیا گیا۔ شرت ریڈی نے شکیل عامر پر الزام عائد کیا کہ ان کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ایم ایل اے بودھن پولیس میں مقدمات درج رجسٹرڈ کرواتے ہیں۔