دو روزہ ریالی کا نرمل میں توقف، نظام آباد میں شب بسری، کاماریڈی کا بھی احاطہ، عوام سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان 14 اور 15 اپریل کو عادل آباد سے حیدرآباد تک دو روزہ ریالی کی قیادت کریں گے جو وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کے حصہ کے طور پر معنقد کی جارہی ہے جس کو انہوں نے ہندوستان میں مسلمانوں کے دستوری حقوق پر سنگین حملہ قرار دیا۔ ’’جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمودھان کے نعرے کے تحت امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر وقف اداروں کی خودمختاری اور آئین کے تحت مسلمانوں کو دیئے بنیادی حقوق کو درپیش خطرے کو اجاگر کرنا ہے۔ عامر علی خان نے کہا کہ ریالی 14 اپریل کو صبح 9 بجے عادل آباد سے شروع ہوگی اور دوپہر تک نرمل پہنچے گی۔ اس کے بعد قافلہ سہ پہر 3 بجے نظام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔ عامر علی خان نظام آباد میں شب بسری کریں گے۔ دوسرے دن 15 اپریل کو صبح 9 بجے ریالی نظام آباد سے کاماریڈی کیلئے روانہ ہوگی اور پھر سہ پہر 3 بجے کاماریڈی سے حیدرآباد کی طرف روانہ ہوگی۔ عامر علی خان نے کہا کہ وقف ترمیمی ایکٹ جسے بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے منظور کیا ہے۔ صرف ایک قانونی اصلاحات نہیں ہے بلکہ وقف بورڈ کو ان کے اختیارات سے محروم کرتے ہوئے وقف اداروں کو مرکز کے کنٹرول میں رکھنے کی ایک منظم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ دستور کے آرٹیکل 25 ۔ 26 ۔ 29 اور 30 کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ جو مذہبی آزادی، ثقافتی خودمختاری اور اقلیتوں کے اپنے اداروں کو چلانے کے حق کی ضمانت دیتے ہیں۔ کانگریس کے ایم ایل سی عامر علی خان نے مرکزی حکومت پر وقف کے نظام کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ ہندوستان میں مسلم کمیونٹی کا سب سے بڑے ادارہ جاتی ڈھانچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہا مرکز کا یہ نیا قانون مرکز کو بغیر جانچ کے اختیارات دیتا ہے اور ریاستی وقف بورڈ کے کردار کو کمزور کرتا ہے۔ کانگریس کے ایم ایل سی نے کہا کہ ہندوستان کا دستور مسلمانوں کے بشمول دیگر اقلیتی برادری کو اپنے مذہب، زبان، ثقافت کے تحفظ اور اپنے تعلیمی اور مذہبی اداروں کو چلانے کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ وقف ترمیمی ایکٹ اس دستوری وعدے کی خلاف ورزی ہے۔ عامر علی خان نے کہا کہ صرف اوقافی جائیدادیں ہی خطرہ میں نہیں ہے بلکہ یہ ہماری شناخت، ورثہ اور آزادی بھی خطرہ میں ہے لہٰذا تمام مسلمان متحدہ طور پر اس کے خلاف احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے معمار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 14 اپریل امبیڈکر کی یوم پیدائش کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے اقلیتوں کو قانونی تحفظ دیا اور ان حقوق پر کوئی بھی حملہ ان کی میراث سے غداری ہے۔ عامر علی خان نے کہا کہ وہ دو روزہ ریالی عادل آباد، نرمل، نظام آباد اور کاماریڈی میں مقامی افراد، طلبہ، وکلاء، مذہبی اسکالرس سے تبادلہ خیال کریں گے جس کا مقصد بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔2