صحافتی اقدار کو فراموش کئے بغیر ملی مسائل پر آواز بلند کی جائے گی ۔ایڈیٹر سیاست کا پیام
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) روزنامہ سیاست اپنے صحافتی اقدار کو فراموش کئے بغیر ملی مسائل بالخصوص ‘ معاشی ‘ تعلیمی اور سماجی پسماندگی کے معاملات پر ہمیشہ کی طرح آواز اٹھاتا رہے گا اور ادارہ سیاست کی ملی خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کو گورنر کوٹہ کے تحت رکن قانون ساز کونسل نامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کرکے یہ بات کہی۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ ادارہ سیاست 75 برس سے ہندستانی مسلمانوں کی آواز بنا ہواہے اور جب کہیں جہاں کہیں مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ادارہ سیاست نے آواز اٹھائی اور ہمیشہ اپنے قارئین کو حقائق سے واقف کروانے میں بے خوف آواز اٹھائی ہے۔ ایڈیٹر سیاست نے جناب عامر علی خان کو مشورہ دیا کہ وہ جس طرح اخبار سیاست اور ادارہ سیاست کے مختلف پلیٹ فارمس سے ملت کے مسائل پر آواز اٹھاتے اور ان کے حل کیلئے متوجہ کرواتے رہے ہیں اسی طرح ایوان میں بھی ملی مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائیں تاکہ ملت کی پسماندگی کو عملی طور پر دور کرنے اقدامات سرکاری سطح پر ممکن ہوسکیں۔جناب زاہد علی خان نے کہا کہ سیاست اپنی 75سالہ صحافتی دیانتداری سے کوئی مفاہمت نہیں کریگا بلکہ نیوز ایڈیٹر سیاست کو رکن کونسل بنانے کے باوجود عوامی مسائل پر حکومت کو متوجہ کروانے و ملک و قوم کے مسائل پر تمام جماعتوں کو اخبار میں جگہ فراہم کی جائے گی اور اخبار کی پالیسی میں کسی تبدیلی کے بغیر ہندستان بالخصوص ریاست میں مسلمانوں کے مسائل کو حل کروانے اخبار اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے گا ۔3