قوم و ملت کے سچے ہمدرد رہنما کی کابینہ میں شمولیت سے کانگریس کو فائدہ ہوگا: محمد جمال شریف
جنگاؤں۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس قائد محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نائب صدر اقلیتی سل کانگریس تلنگانہ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں نے کل بعد نماز جمعہ ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوان حرکیاتی قائد و صحافی جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست و ایم ایل سی نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے انہیں فراہم کردہ ایم ایل سی کی تنخواہ ملت فنڈ میں جمع کردیں گے۔ اس کا تلنگانہ کے مسلمانوں اور اقلیتوں کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ ان کا یہ اقدام مسلمانوں کیلئے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ جمال شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ تلنگگانہ کے مخیر اور درد مند دل اور سیاسی عہدہ پر فائز قائدین ، مالدار کے علاوہ معاشی طور پر مستحکم افراد کو چاہیئے کہ وہ اس مثالی اقدام کو سامنے رکھتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی ، روزگار کی فراہمی، غریب و نادار لڑکیوں کی شادیوں میں امداد کریں تو ایک وقت آئے گاکہ تلنگانہ سے مسلمانوں کی غربت کا خاتم ہوگا اور ساتھ ہی انہیں ترقی بھی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے آج تک کئی مسلم قائدین کو بڑے سے بڑے عہدے حاصل ہوئے لیکن انہوں نے اپنی تنخواہوں کے ذریعہ اس طرح کی مدد نہیں کی۔ تلنگانہ کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں نے عہدہ حاصل کرنے کے بعد سے مسلسل تلنگانہ کے ضلعی ہیڈکوارٹرس کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں و اقلیتوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ ان کے تلنگانہ بھر میں ہونے والے اضلاع کے دوروں کی وجہ سے مسلمانوں میں مسرت کے ساتھ ایک امید کی کرن نظر آرہی ہے۔ روز نامہ سیاست صرف ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، اخبار سیاست کے ذریعہ ابتداء مسلمانوں میں شعور بیداری کے ساتھ مسابقتی امتحانات میں حصہ لیتے ہوئے روزگار کی فراہمی کیلئے نوجوانوں کو تیار کرنا اور اس کے ساتھ مسلمانوں کی کئی محاذ پر مدد کرنا ان کا مقصد ہے۔ عامر علی خا ں نے اس عہدہ کو اس لئے حاصل کیا کہ اس کے ذریعہ سے مسلمانوں کی ہر محاذ پر مدد کی جاسکے اور وہیں ان کی رہبری بھی کی جاسکے۔ عامر علی خاں جیسے نوجوان حرکیاتی ، ہمدرد شخصیت کو تلنگانہ حکومت ریاستی کابینہ میں جلد از جلد شامل کرتے ہوئے ریاستی وزیر کا عہدہ دے تو تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو فائدہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔