کراچی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ محمد عامر اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی ملاقات کا مجھے علم نہیں، عامر کے بارے میں بہت باتیں ہوگئیں اگر وہ کھیلنا ہی نہیں چاہتے توکیا کریں۔ وقار یونس نے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وسیم خان ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ہیں وہ کسی سے بھی مل سکتے ہیں، یہ پاکستان کی کرکٹ ہے، کسی فرنچائیز کی کرکٹ نہیں۔ انہوں نے یونس خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑے دورے سے پہلے یونس خان کا جانا افسوس ناک ہے، یونس نے بورڈ سے تعلقات کے بارے میں پہلے ہی بتا دیا ہے، یونس خان بیٹسمینوں کے ساتھ اچھا کام کر رہے تھے۔ وقار یونس نے کہا کہ بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کی بہتر تیاری نہیں ہوئی، یہ کوئی عذر پیش نہیں کررہا لیکن تیاری متاثر ضرور ہوئی ہے۔ کھلاڑیوں اور اْن کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ حارث سہیل کے ساتھ بدقسمتی رہی ہے، وہ مکمل فٹ آئے تھے امید ہے بہتر ہوجائیں گے، حارث فٹ اور فارم میں ہوتے ہیں اسی وجہ سے منتخب بھی ہوجاتے ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے بولنگ سے مطمئن ہوں،امارات میں تمام کھلاڑی حالات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی درجہ بندی کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی نہیں تو یہ بری بات نہیں، میرے نزدیک درجہ بندی نہیں پاکستان کی جیت اہم ہے، اگر پاکستان ٹیم کا مقام اوپر جارہا ہے تو یہ سب سے اچھی بات ہے۔ بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ پاکستان پچھلی چار پانچ سیریز جیتا ہے، پچھلی دو تین سیریز میں پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کی۔