عامر کیلئے ورلڈکپ کی مشروط راہ ہنوز موجود:آرتھر

   

لندن ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے د ورہ پر پہنچ گئی ہے۔ ورلڈ کپ سے پہلے پریکٹس میچوں کے علاوہ پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے ساتھ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز بھی کھیلے گی۔ انگلینڈ کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم میں محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے لیکن ورلڈ کپ کیلئے اعلان کئے گئے اسکواڈ میں عامر کو جگہ نہیں ملی ہے تاہم عامر کے پاس اب بھی ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ پانے کیلئے سنہرا موقع موجود ہے۔ انگلینڈ کیلئے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں نے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر کے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کا موقع ہے۔ تاہم انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر بہت اچھا مظاہرہ کررہے ہیں۔گزشتہ دو ہفتوں میں وہ کافی اچھا رہا اور اس کے پاس انگلینڈ میں اس بات کو ثابت کرنے کا موقع ہے کہ وہ ابھی بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ پانے کا مستحق ہے۔