کراچی ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ انہیں محمد عامر کی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی پر بالکل بھی حیرانی نہیں ہوئی اور وہ اس فیصلے کی توقع کر رہے تھے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ میں ایک عرصے سے اس کی توقع کر رہا تھا، عامر کچھ وقت سے مجھ سے اس بارے میں بات کر رہے تھے۔ ٹسٹ کیریئر سے ان کے جسم پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے، اس کا بات کا تعلق کھیل کے انتظامیہ سے زیادہ ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش اور جسم پر پڑنے والے اثرات سے ہے۔ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کوچ نے مزید کہا کہ عامر ایک بہترین بولر ہیں اور میں نے نہ چاہتے ہوئے بھی ان کے اس فیصلے کو تسلیم کیا کیونکہ وہ یہی کرنا چاہتے تھے اور ان کی نظر میں یہی ان کے لیے سب سے بہتر تھا، اس کی بدولت ہمیں ایک طویل عرصے کے لیے محدود اوورزکا بولر مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ پانچ سال کھیل سے دور رہے اورجس سے ان کا جسم ٹسٹ کرکٹ کا عادی نہیں رہا، ہم دورہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں ان سے جتنی اچھی بولنگ کروا سکتے تھے، وہ ہم نے کروائی کیونکہ ان جیسے بہترین بولر کی ہمیں ان دوروں پر ضرورت تھی۔ تاہم مکی آرتھر نے کہا کہ پابندی کے پانچ سال عامر بہتر طریقے سے گزار سکتے تھے جسے انہیں بھی تسلیم کرنا چاہیے لیکن میں عامر کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہوں اور بحیثیت کرکٹر انہیں بہت پسند کرتا ہوں، ان کے ٹسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کے فیصلے سے مجھے مایوسی ہوئی لیکن انہوں نے یہ فیصلہ محدود اوور کی کرکٹ کو مدنظر رکھ کر کیا ہے۔یاد رہے کہ 27سالہ عامر نے گزشتہ ہفتے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا لیکن وہ ٹی20 اور ونڈے کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
عامر نے 36 ٹسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 119 وکٹیں حاصل کیں۔