متنازعہ دہلی آرڈیننس کے خلاف کانگریس کی تائید کے بعد فیصلہ ۔ راگھو چڈھا کا بیان
نئی دہلی : عام آدمی پارٹی کل بنگلورو میں ہونے والے اپوزیشن کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کرے گی ۔ یہ اجلاس بی جے پی کے خلاف آئندہ سال کے پارلیمانی انتخابات میں مقابلہ کی حکمت عملی تیار کرنے منعقد ہو رہا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے توثیق کی کہ وہ بنگلورو اجلاس میں شرکت کرے گی ۔ آج پارٹی کا سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سے قبل کانگریس نے مرکزی حکومت کی جانب سے دہلی کی بیوروکریسی پر کنٹرول سے متعلق مرکز کے آرڈیننس کے خلاف عام آدمی پارٹی کی جدوجہد کی تائید کا اعلان کیا ۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس آج منعقدہ وا ۔ اس میں ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اجلاس کے بعد وہ واضح طور پر کہہ سکتے ہیں کہ یہ آرڈیننس واضح طور پر قوم مخالف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس سے آر جے ڈی تک ‘ جے ڈی یو سے این سی پی تک ‘ سماجوادی پارٹی سے شیوسینا ( ادھو ) تک سبھی نے اس آرڈیننس کے خلاف رائے ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی پارٹی بنگلورو میں ہونے والے اجلاس میں اسی مقصد سے شرکت کریگی کہ اس آرڈیننس کے خلاف جدوجہد کو استحکام مل سکے ۔ بہار کے دارالحکومت 23 جون کو اپوزیشن اجلاس کے بعد اپوزیشن جماعتیں نریندر مودی کی بی جے پی کے خلاف آئندہ سال کے پارلیمانی انتخابات میں متحدہ مقابلہ کیلئے کمر کس رہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی مسلسل کوششوں کے باوجود کانگریس نے اس آرڈیننس کی مخالفت اب تک نہیں کی تھی تاہم آج کانگریس نے اپنے موقف میں تبدیلی لائی اور اس نے اس آرڈیننس کے خلاف عام آدمی پارٹی کی جدوجہد کی حمایت کی ہے ۔ اس حمایت کے بعد پارٹی نے بنگلورو میں اپوزیشن اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے ۔ راگھو چڈھا نے آرڈیننس کے خلاف کانگریس کی تائید کو اچھی تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ کانگریس نے اس آڈیننس کی واضح مخالفت کا اعلان کیا ہے اور یہ ایک اچھی تبدیلی ہے ۔