نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے منی پور کی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے رول 267 کے تحت ایوان میں تحریک التواء کا نوٹس دیا ہے ۔منی پور کی صورتحال کو تشویشناک بتاتے ہوئے سنجے سنگھ نے اپنے نوٹس میں ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ ایوان میں تمام کام معطل کرکے اس اہم مسئلہ پر بحث کی جائے ۔ اس سے قبل دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے ) کے رکن تروچی سیوا نے بھی اس سلسلے میں التوا کا نوٹس دیا ہے جس میں تمل ناڈو میں گورنر کے کردار پر سوالیہ نشان لگایا گیا ہے ۔ اس کے پیش نظر مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن ایوان میں ہنگامہ آرائی کے امکانات ہیں کیونکہ کانگریس کی طرف سے بھی منی پور معاملے پر تحریک التوا کا نوٹس دینے کی بات پہلے ہی کہہ دی گئی تھی۔